ہفتہ 26 ستمبر 2020 - 7:27:03 شام

متحدہ عرب امارات کی سعودی اور یمنی شہری، معاشی املاک پر حوثی حملوں کی شدید مذمت


ابوظبی، 15 ستمبر،2020 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات نے ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب اور یمن میں شہری اور معاشی سہولیات پر بیلسٹک میزائلوں کے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ وزارت خارجہ اور بین الاقوامی تعاون نے ایک بیان میں حوثی ملیشیا کے ماریب پر حملوں کی بھی شدید مذمت کی ہے جہاں ملیشیا کے زیر اثر علاقوں سے بھاگے ہوئے 20 لاکھ سے زیادہ بے گھر افراد پناہ لئے ہوئے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ان حملوں سے یمن میں انسانی صورتحال مزید خراب ہوجائے گی۔ بیان میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ایلچی مارٹن گریتھس کی کوششوں اور یمن میں مستقل جنگ بندی کی تجویز سے ملیشیا کے مسلسل انکار پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جاری حملوں اور دھمکیوں سے خطے کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں ۔ بیان کے مطابق حوثی بغاوت کے نتیجے میں ہونے والے حملے خطے میں سلامتی اور استحکام کو خراب کرنے کا ثبوت ہیں۔ متحدہ عرب امارات نے ریاض معاہدے پر عمل درآمد کے لئے سعودی عرب کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے یمنی بحران کے خاتمے کے لئے کوششوں خاص طور پر اقوام متحدہ اور یمن میں اس کے مندوب کے تعاون سے امن عمل کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ متحدہ عرب امارات نے یمنی عوام کے ساتھ کھڑے رہنے اور خطے کے عوام کو فائدہ پہنچانے والی معاون پالیسی کے حصے کے طور پر انکی ترقی، امن اور سلامتی کے لئے ہر ممکن حمایت کا بھی اعادہ کیا۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ http://wam.ae/en/details/1395302869937

WAM/Urdu