ہفتہ 26 ستمبر 2020 - 7:52:45 شام

ادنوک ڈسٹری بیوشن براکہ جوہری پلانٹ کومختلف مصنوعات سپلائی کریگی


ابوظبی، 15 ستمبر،2020 (وام) ۔۔ امارات نیوکلیئر انرجی کارپوریشن، ENEC اور براکہ نیوکلیئر انرجی پلانٹ کو چلانے اور اسکی دیکھ بھال کی ذمے دار نواہ انرجی کمپنی نے ادنوک ڈسٹری بیوشن کو براکہ پلانٹ کو ایندھن سمیت مختلف مصنوعات فراہم کرنے کا اہل قرار دیدیا ہے۔ ادنوک ڈسٹری بیوشن ان 73 مقامی کمپنیوں میں شامل ہوگئی ہے جنہیں ENEC کی بزنس اینڈ انڈسٹریل ڈویلپمنٹ ٹیم اور نواہ کوالٹی انشورنس ٹیم نے براکہ پلانٹ کے لئے اعلی معیار کی مصنوعات کی فراہمی کا اہل قرار دیا ہے ۔ ان مصنوعات میں انجن کو چکنا کرنے والا تیل، انجن کولنٹ اور زنگ روکنے والا تیل ، گریس اور مختلف ایندھن شامل ہیں جو انجنوں اور مختلف صنعتی آلات کو چکنا رکھنے اور ایندھن سمیت کئی مقاصد کیلئے استعمال ہوں گے۔ ادنوک ڈسٹری بیوشن متحدہ عرب امارات کی پہلی کمپنی ہے جو عالمی معیار پورا کرنے کے بعد براکہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کو پیٹرولیم مصنوعات فراہم کرے گی ۔ یہ اجازت صرف ان کمپنیوں کو دی جاتی ہے جو امریکن سوسائٹی آف میکنکل انجنیئرز، ASME کے تیار کردہ "نیوکلیئر گریڈ" NQA-1 معیار پر پوار اترتی ہیں۔ یہ کامیابی نواہ اور ENEC کی مقامی سپلائی چین کی ترقی اور فروغ کے لئے جاری کوششوں کا نتیجہ ہے تاکہ اگلے 60 سال تک براکہ نیوکلیئر انرجی پلانٹ کو محفوظ اور موثر طریقے سے چلانے اور اسکی دیکھ بھال کے لئے آپریشنل سروس، اسپیئر پارٹس اور دیگر ضروریات کومقامی طور پر پورا کیا جاسکے۔ نواہ انرجی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی الحمادی نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ متعدد مقامی کمپنیوں کے ساتھ انکی کمپنی کو بھی براکہ نیوکلیئر انرجی پلانٹ کے کامیاب آپریشن اور دیکھ بھال میں کردار ادا کرنے کا موقع ملا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ 73 این اے ایس ایل کوالیفائڈ مقامی سپلائرز کے ساتھ براکہ میں اپنی سرگرمیوں کے طویل مدتی استحکام اور متحدہ عرب امارات کی جوہری توانائی کی سپلائی چین کی مسلسل ترقی میں کردار ادا کرنے کیلئے پراعتماد ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جوہری توانائی کی صنعت کیلئے دنیا میں کچھ انتہائی سخت اور تکنیکی معیار ہیں اور اس معیار پر پورااترنے کیلئے اپنے طریقہ کار اور نظام کو اپ گریڈ کرنے سے مقامی کمپنیوں کو فائدہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ براکہ پلانٹ میں آپریشن کے ساتھ کوالیفائڈ کمپنیاں متحدہ عرب امارات اور بین الاقوامی سطح پر دیگر سخت ریگولیٹڈ صنعتوں میں کام کیلئے بولی لگانے کے قابل ہوسکیں گی۔ ادنوک ڈسٹری بیوشن کے قائم مقام سی ای او احمد الشمسی نے کہا کہ ہم جن صنعتوں کو سپلائی کرتے ہیں ان کی مخصوص ضروریات کو پورا کرنے کے لئے اپنی مصنوعات کو مسلسل تبدیل کرکے بہتر بناتے رہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا مقصد نہ صرف بین الاقوامی اداروں کے طے شدہ معیار پر پورا اترنا ہے بلکہ علاقائی منڈی میں یہ معیار لاگو کرنے والی اولین کمپنی بننا بھی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ ہمارے صارفین کی بہترین اور اعلیٰ ترین مصنوعات تک رسائی ہو۔ اس سلسلے میں ہم انکی مخصوص کاروباری ضروریات پورا کرنے کیلئے جدید ترین ٹیکنالوجی کو شامل کرتے رہتے ہیں۔ براکہ نیوکلیئر انرجی پلانٹ کو محفوظ اور مؤثر طریقے سے چلانے کے لئے ایسے اسپیئر پارٹس اور خصوصی خدمات کی ضرورت ہوتی ہے جو متحدہ عرب امارات کے جوہری ریگولیٹر فیڈرل اتھارٹی فار نیوکلیئر ریگولیشن، FANR کے تحفظ اور معیار پر پورا اتریں ۔ ان معیارات کو نواہ کوالٹی اشورینس مینول میں شامل کیا گیا ہے۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ http://www.wam.ae/en/details/1395302870031

WAM/Urdu