ہفتہ 26 ستمبر 2020 - 4:35:04 صبح

عرب امارات میں کووڈ19 کے مزید 86 ہزار سے زائد ٹیسٹ ، نئے 674 مریضوں کی تشخیص ، 654 مزید صحتیاب ، دو اموات


ابوظہبی ، 15 ستمبر ، 2020 (وام) ۔۔ وزارت صحت و تحفظ کی طرف سے منگل کو جاری اعلان کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کووڈ 19 کے مزید 86 ہزار 879 ٹیسٹ کئے گئے ، اس عمل میں جدید ترین تشخیصی آلات و ذرائع استعمال ہوئے – وزارت کی طرف سے جاری بیان کے مطابق مزید ٹیسٹس کے نتیجے میں وائرس وباء کے نئے 674 متاثرین کی تشخیص ہوئی جس سے ملک میں اس وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد 80 ہزار 940 ہوگئی ۔ نئے مریض مختلف قومیت کے ہیں اور ان سب کی حالت سنبھلی ہوئی ہے جبکہ انہیں ضروری علاج معالجہ بھی فراہم کیا جارہا ہے – وزارت نے بتایا ہے کہ کووڈ 19 کی وجہ سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو مریض وفات پاگئے جس کے بعد اس وباء سے ہونے والی کل اموات کی تعداد 401 ہوگئی ۔ وزارت نے مرنے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زیرعلاج مریضوں کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہے – وزارت نے بتایا ہے کہ اس وباء کے زیر علاج مریضوں میں سے مزید 654 مکمل صحتیاب ہوگئے ہیں جس سے ملک میں مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والے ایسے افراد کی تعداد بڑھ کر 70 ہزار 635 ہوگئی ہے – وزارت نے معاشرے کے تمام ارکان کو اس وائرس سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کیئے رکھنے اور سماجی فاصلے رکھنے کی ذمہ داری نبھاتے رہنے کی تلقین بھی کی ہے – ترجمہ ۔ تنویر ملک – http://www.wam.ae/en/details/1395302870187

WAM/Urdu