منگل 24 نومبر 2020 - 12:02:11 صبح

امارات کا برطانیہ اور روس کیلئے اے 380 طیاروں کی سروس بڑھانے کا اعلان


دبئی ، 18 نومبر ، 2020 (وام) ۔۔ امارات ایئر لائن نے اپنے مشہور و مقبول اے 380 طیاروں کو 27 نومبر سے لندن ہیتھرو کیلئے روزانہ 4 بار ، 2 دسمبر سے مانچسٹر کیلئے ہفتہ میں 6 بار اور 25 نومبر سے ماسکو کیلئے روزانہ ایک بار چلانے کا اعلان کردیا ، اس مقصد کیلئے اضافی اے 380 طیارے تعینات کئے جائیں گے – امارات کی جانب سے برمنگھم اور گلاسگو کیلئے موجودہ ہفتہ میں چار ، چار پروازوں کی تعداد کو بھی بالترتیب 27 نومبر اور 1 دسمبر سے بڑھایا جائے گا ۔ یکم دسمبر سے مانچسٹر کیلئے ہفتہ میں موجودہ 8 کی بجائے 10 پروازیں روانہ ہونگیں جن میں سے 6 اے 380 کی اور 4 پروازیں بوئینگ 300-777 ای آر کی ہونگیں ۔ لندن ہیتھرو کیلئے موجودہ روزانہ اے 380 کی دو اور بوئنگ 777 کی ایک پرواز کو 27 نومبر سے اے 380 کی روزانہ 4 پروازوں کے شیڈول میں بدل دیا جائے گا – امارات ایئرلائن کی برطانیہ کیلئے مسافر پروازوں کی سروس میں یہ توسیع دونوں ممالک کے درمیان حال ہی میں قائم ہونے والے ایئر ٹریول کوریڈور کی بدولت کی جارہی ہے جس کی وجہ سے ان پروازوں کی طلب میں اضافہ ہوا ہے ۔ اس ایئر ٹریول کوریڈور کے مطابق متحدہ عرب امارات سے برطانیہ آنے والے مسافروں کو قرنطینہ میں رہنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ یہ پیشرفت مسافروں کیلئے ایک کشش کے ساتھ کووڈ 19 کی عالمی وباء پر قابو پانے کی موثر اور انتھک کاوشوں کا ثبوت بھی ہے – دوسری جانب برطانیہ سے دبئی آنے والے مسافروں کو بھی اپنی پرواز سے 96 گھنٹے قبل کووڈ 19 کا پی سی آر ٹیسٹ کرانے کا آپشن حاصل ہے یا پھر وہ اپنی سہولت کے مطابق دبئی آنے پر یہ ٹیسٹ کراسکتے ہیں – ماسکو کیلئے امارات کی پروازوں میں اضافہ سے دبئی میں یا مالدیپ جیسے دیگر سیاحتی مقامات پر تعطیلات منانے اور سیاحت کیلئے آنے والوں کی طلب پورا کرنے میں معاونت ملے گی – ترجمہ ۔ تنویر ملک – http://www.wam.ae/en/details/1395302887788

WAM/Urdu