بدھ 25 نومبر 2020 - 6:08:55 شام

ابوظبی اور اومان میں پانچ سال کے دوران تجارت 23.67ارب درہم ہوگئی


ابوظبی، 18 ،نومبر 2020 (وام) ۔۔ ابوظبی اور سلطنت اومان اومان کے مابین غیر تیل کی تجارت کا حجم گذشتہ پانچ سالوں میں 23.67 ارب درہم تک پہنچ گیا ہے جو دونوں برادر ممالک کے مابین بڑھتے ہوئے معاشی تعلقات کاعکاس ہے۔ ابوظبی میں کسٹمز انتظامیہ کے مطابق سلطنت اومان کے ساتھ ابو ظبی کی غیر ملکی تجارت میں 8.34 ارب درہم مالیت کی درآمدات، 8.08 ارب درہم کی برآمدات اور 7.25 ارب درہم کی دوبارہ برآمدات رہیں۔ ابو ظبی اور سلطنت اومان کے درمیان کل تجارت کا سب سے بڑا حصہ معدنی مصنوعات ہے جس کا حجم 5.25 ارب درہم رہا۔ اس کے بعد عام معدنیات اور ان کی مصنوعات کے ساتھ 4.85 ارب درہم کی تجارت ہے۔ اس کے بعد نقل و حمل کے سازوسامان کی تجارت کی مالیت 4.72 ارب درہم رہی۔ ابوظہبی کی سلطنت اومان کے ساتھ رواں سال کے پہلے دس مہینوں میں تجارت 4.55 ارب درہم تھی جو گذشتہ سال کی اسی مدت کے 3.30 ارب درہم کے مقابلے میں38 فیصدزیادہ ہے ۔ ابوظبی میں کسٹمز انتظامیہ نے نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور فیڈرل اتھارٹی برائے شناخت اور شہریت کی ہدایات کے تحت سرحدی چوکیوں کے ذریعے سلطنت اومان کے شہریوں کا استقبال کی تیاری کی تصدیق کی ہے۔ متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ اور بین الاقوامی تعاون نے حال ہی میں اومان کے شہریوں کو زمینی راستوں سے ملک میں داخلے کی منظوری دی ہے۔ کسٹمز انتظامیہ کے جنرل ڈائریکٹر راشد لاہج المنصوری نے کہاکہ ہم اومان کے 50 ویں قومی دن کے موقع پر برادر ملک کی قیادت اور لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دوطرفہ مضبوط برادرانہ تعلقات دونوں ملکوں کے مابین اسٹرٹیجک تعلقات کی ایک غیر معمولی مثال ہیں۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ http://www.wam.ae/en/details/1395302887724

WAM/Urdu