بدھ 25 نومبر 2020 - 6:36:49 شام

بینکوں کے مجموعی اثاثے2فیصد اضافےسے3،252.5 ارب درہم ہوگئے


ابوظبی، 19 ،نومبر 2020 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک کے مطابق 2020 کی تیسری سہ ماہی کے اختتام پر ملک میں کام کرنے والے بینکوں کے مجموعی اثاثے 2فیصد اضافے کے ساتھ 3،252.5 ارب درہم ہوگئے ہیں۔ مرکزی بنک کی تیسری سہ ماہی کی رپورٹ کے مطابق ستمبر 2019 اور ستمبر 2020 کی درمیانی مدت کے دوران متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے بینکوں کے مجموعی اثاثوں میں 7.6 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ مجموعی کریڈٹ میں بھی 0.8 فیصداضافہ ہوا اور یہ ستمبر 2020 کے آخر میں 1,804.6 ارب درہم تک جا پہنچا۔ رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر مجموعی کریڈٹ میں 4.9 فیصدکا اضافہ ہوا۔ اس رپورٹ میں 2020 کی تیسری سہ ماہی کے دوران مانیٹری اور بینکاری سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات کی مالیاتی منڈیوں میں ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ اس میں ستمبر 2019 سے ستمبر 2020 کے دوران سالانہ تبدیلی کے تناسب کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔ 2020 کی تیسری سہ ماہی کے اختتام پر متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے بینکوں کے ساتھ رہائشی اور غیر رہائشی صارفین کے ڈپازٹس میں 2.2 فیصداضافہ ہوا اور انکا حجم 1،907.2 ارب درہم تک جا پہنچا۔ رہائشی ڈپازٹس 3 فیصد اضافے کے ساتھ 2020 کی تیسری سہ ماہی کے اختتام 1،715.9 ارب درہم تک جا پہنچے۔ غیر رہائشی ڈپازٹس اسی مدت کے دوران 4.5 کمی کے ساتھ ستمبر 2020 کے آخر تک 191.3 ارب درہم ہوگئے ۔ رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر رہائشی ڈپازٹس میں 6.4 فیصد اور غیر رہائشی ذخائر میں 0.8 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ سالانہ بنیاد پر منی سپلائی M2 میں 7.9 فیصد کا اضافہ ہوا اور 2020 کی تیسری سہ ماہی کے آخر میں انکا حجم 1،468.7 ارب درہم تک جا پہنچا۔ 2020 کی تیسری سہ ماہی کے دوران منی سپلائی ایم 3 (ایم 2 کے علاوہ بینکوں اور سنٹرل بینک میں سرکاری ذخائر) میں 3 فیصداضافہ ہوا۔ سالانہ بنیاد پر منی سپلائی M3 میں 7.5 فیصد کی نمو ہوئی جو ستمبر 2020 کے آخر میں 1،805.7 ارب درہم تک جا پہنچی۔ عام طور پر پیسے کی فراہمی M2 معیشت میں نقد کی دستیابی کے لئے بہترین اشارہ سمجھا جاتا ہے کیونکہ اس میں بینکوں کے باہر گردش میں کرنسی شامل ہوتی ہے۔ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ 2020 کی تیسری سہ ماہی کے اختتام پر M2 میں اضافہ ہوا۔ 2020 کی تیسری سہ ماہی کے دوران M2 میں اضافہ بنیادی طور پر ستمبر 2020 کے آخر میں 1،372 ارب درہم کے غیر سرکاری رہائشی ذخائر میں 0.5 فیصد اضافے کے باعث ہوا ۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ http://wam.ae/en/details/1395302888182

WAM/Urdu