بدھ 25 نومبر 2020 - 5:28:15 شام

وزارت صحت اور شارجہ اسلامی بنک کا ڈائلاسز سنٹر کے قیام کا معاہدہ


شارجہ، 21 ،نومبر 2020 (وام) ۔۔ وزارت صحت نے شارجہ میں ڈائلاسز سنٹر کے قیام کے لئے شارجہ اسلامی بینک کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ اس معاہدے کا مقصد دونوں اداروں کے مابین اسٹریٹجک شراکت داری اور باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ اس سے جدید بین الاقوامی طریقوں کے مطابق مریضوں کو تکنیکی طور پر جدید صحت کی خدمات حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ اس کا مقصد گردے کے مریضوں کی ضروریات کو پورا کرنا اور ان کا معیار زندگی بہتر بنانا ہے۔ اس معاہدے پر امارات ہیلتھ سروسز اسٹیبلشمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر یوسف محمد السرکال اور شارجہ اسلامی بینک کے سی ای او محمد احمد عبد اللہ نے متعدد سینئر عہدیداروں کی موجودگی میں شارجہ اسلامی بینک کے ہیڈکوارٹر میں دستخط کیے۔ ڈاکٹر یوسف محمد السرکال نے کہا کہ شارجہ اسلامی بینک کے ساتھ معاہدہ وزارت کی ان کوششوں کا ایک حصہ ہے جس کا مقصد ملک کے دیگر اداروں کے ساتھ کیمونٹی کی شراکت داری کو مستحکم کرنا ہے جو لوگوں کی خدمت کے لئے موثر تعاون کو فروغ دینے کی دونوں اداروں کی خواہش کاعکاس ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ وزارت کے ان منصوبوں کی بھی تائید کرتا ہے جن کا مقصد لوگوں کو صحت کی دیکھ بھال کی جامع خدمات کی فراہمی اور مریضوں کی ڈائلاسز خدمات تک رسائی کو آسان بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی سہولت مریضوں اور ان کے اہل خانہ پر بوجھ کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی ۔ اس سہولت سے انتظار کا وقت کم ہوگا، طبی خدمات کی بڑھتی ہوئی طلب پوری ہوگی اور مریضوں کو صحت کی مختلف سہولیات مہیا ہوسکیں گی۔ شارجہ اسلامی بینک کے ساتھ تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے السرکال نے کہا کہ بینک وزارت کے ان شراکت داروں میں سے ایک ہے جو استحکام کے حصول اور بہترین بین الاقوامی معیار کے مطابق صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کی فراہمی کے لئے تیار کردہ اپنے منصوبوں اور پروگراموں کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے وزارت کی طرف سے ڈائلاسز کے مریضوں کے لئے فراہم کی جانے والی خدمات کو سراہا اور کہا کہ وزارت صحت نے متحدہ عرب امارات اور مشرق وسطی میں پہلی بار مریضوں کے لئے نیا خود کار پیریٹونیل ڈائلاسز سسٹم "Homechoice Claria" شروع کیا ہےجس کے ذریعے مریضوں کو کلاؤڈ معلومات کی بنیاد پر علاج کیا جاسکتا ہے۔ شارجہ اسلامی بینک کے سی ای او محمد احمد عبد اللہ نے کہا کہ وزارت کے ساتھ ہماری شراکت داری عوام کی صحت کو بہتر بنانے اور جدید اور پائیدار طریقوں پر مبنی جامع اور مربوط صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے کے لئے قومی قیادت کی ہدایت کے مطابق ہے تاکہ معاشرے کو بیماریوں سے تحفظ فراہم کیا جاسکے۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ http://www.wam.ae/en/details/1395302888429

WAM/Urdu