بدھ 25 نومبر 2020 - 6:17:06 شام

فیڈرل یوتھ اتھارٹی کے زیراہتمام ورچول اماراتی۔اسرائیلی یوتھ سرکل کا انعقاد


دبئی، 21 ،نومبر 2020 (وام) ۔۔ فیڈرل یوتھ اتھارٹی نےپہلے ورچوئل اماراتی۔اسرائیلی یوتھ سرکل کا انعقاد کیا جس میں مذاہب ، عقائد اور رواداری کی اقدار کے استحکام، پرامن بقائے باہمی اور ثقافتی کثرتیت کے احترام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ ورچول پروگرام رواداری کے عالمی دن کے موقع پر منعقد کیا گیا۔ محقق اور مشہور روڈز اسکالرشپ کے انعام یافتہ شیخہ ماجدہ بنت مکتوم بن راشد آل مکتوم، نوجوانوں کے امور کی وزیر مملکت اور فیڈرل یوتھ اتھارٹی کی چیئرپرسن شمع بنت سہیل فارس المزروئی اور متحدہ عرب امارات میں یہودی برادری کے سربراہ رابی یہودہ سرنا نے ورچول سرکل کی میزبانی کی ۔ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے علماء اور نوجوانوں کے ایک گروپ نے اس مباحثے میں شرکت کی۔ ورچوئل مباحثے میں سائنس ، ٹیکنالوجی ، انجینئرنگ ، ریاضی ، آرٹس ، پولیٹیکل سائنس اور کاروبار سمیت دلچسپی کے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شیخہ ماجدہ نے کہا کہ یہ نوجوانوں کا حلقہ صرف خطے ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں بات چیت اور تعاون کی اہمیت کی ایک مثال ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس مباحثے میں رواداری ، پرامن بقائے باہمی اور مستقبل جیسے متعدد امور اور مشترکہ اقدار پر بات ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سننا اور خطے میں نوجوانوں کو درپیش مشترکہ چیلنجوں اور انکے اہداف کے بارے میں جاننا، علم حاصل کرنا اور ایک دوسرے سے سیکھنا ہے۔ شمع بنت سہیل فارس المزروئی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے پاس ایک مشترکہ موقع ہے کہ وہ رواداری کی اقدار کو فروغ دے کر بہتر مستقبل کی تشکیل کی خاطر اپنے نوجوانوں کے لئے نئے مواقع تلاش کریں۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارا مقصد ایک نیا باب کھولنا ہے جس میں ہم نئی ثقافتوں کے بارے میں سیکھیں گے اور خطے اور دنیا کے خوشحال اور بہتر مستقبل کی سمت آگے بڑھنے کے طریقوں کی تلاش کے لئے مل کر کام کریں گے۔ یوتھ سرکل کا اقدام نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے شروع کیا تاکہ نوجوانوں کے ساتھ پائیدار مستقبل کی تشکیل اور عالمی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے جدید حل تلاش کرنے کی خاطر مختلف شعبوں میں نوجوانوں پر مبنی مکالمے کو فروغ دیا جاسکے۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ http://www.wam.ae/en/details/1395302888450

WAM/Urdu