پیر 18 جنوری 2021 - 2:51:20 صبح

عبداللہ بن زاید کا ایتھوپیا کے فریقین پربات چیت کی بحالی پر زور


ابوظبی، 22 ،نومبر 2020 (وام) ۔۔ امور خارجہ اور بین الاقوامی تعاون کے وزیر شیخ عبد اللہ بن زاید نے ایتھوپیا کی حالیہ صورتحال پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بات چیت کی بحالی اور قانون کی حکمرانی کے نفاذ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انھوں نے برادر ملک ایتھوپیا کے عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ خطہ نئی تبدیلیوں سے گزر رہا ہے اور اسے سوڈان اور جنوبی سوڈان میں امن عمل جیسے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیئے۔ انہوں نے تمام بین الاقوامی اور علاقائی کوششوں کو تیزکرنے اور خطے کے استحکام اور اس وژن میں ایتھوپیا کے مرکزی کردار کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ افریقی یونین اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انھوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے اس تنازعے کے پرامن حلے کیلئے افریقہ اور خطے میں اپنے شراکت داروں اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ پرامن ذرائع سے تنازعے کو ختم کرنے کے لئے رابطے کئے ہیں۔ شیخ عبد اللہ نے کہا کہ افریقی اور خطے میں سلامتی اور استحکام کی کلید ایتھوپیا ہے۔ انہوں نے ایتھوپیا کے ریاستی اداروں کے تحفظ اور وفاقی نظام کے اتحاد کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے خطے کے لوگوں کو درپیش مشکلات اور حالیہ فوجی جھڑپوں کی وجہ سے ہزاروں بے گناہ افراد خاص طور پر بچوں، خواتین اور بوڑھوں کے بے گھر ہونے پر اپنی تشویش کا اظہار کیا اور خبردار کیا اس سے بڑا انسانی بحران پیدا ہوسکتا ہے۔ شیخ عبد اللہ نے ایتھوپیا میں امن لانے کے لئے متحدہ عرب امارات کے سیاسی حل اور تعمیری مذکرات کی حمایت کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات انسانی بحران سے متاثرہ مہاجرین کی مدد کے لئے ورلڈ فوڈ پروگرام اور بین الاقوامی تنظیموں کے ذریعے 50 ملین ڈالر فراہم کرے گا۔ انھوں نے داخلی معاملات میں عدم مداخلت کے اصول پر عمل پیرا ہونے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ http://www.wam.ae/en/details/1395302888944

WAM/Urdu