پیر 18 جنوری 2021 - 2:28:42 صبح

شیخہ بودوربنت سلطان القاسمی بین الاقوامی پبلشرز ایسوسی ایشن کی صدرمقرر


شارجہ، 23 ،نومبر 2020 (وام) ۔۔ شیخہ بودور بنت سلطان القاسمی بین الاقوامی پبلشرز ایسوسی ایشن (آئی پی اے) کی صدر مقرر ہوگئی ہیں۔ وہ 1896 میں تنظیم کے قیام کے بعد سے عرب دنیا کی پہلی خاتون صدرہیں۔ یہ اعلان گذشتہ روز آئی پی اے جنرل اسمبلی کانگریس (جی اے سی) کے زوم پلیٹ فارم کے ذریعے ورچول طور پر منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ آئی پی اے صدر کی حیثیت سے ان کی تقرری کے ساتھ ہی شیخہ بودور ارجنٹائن کی انا ماریا کے بعد اس عہدے پر فائز ہونے والی دوسری خاتون بن گئی ہیں۔ انا ماریا نے -82004 کے دوران نائب صدر اور ایسوسی ایشن کے صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ شیخہ بودور جنوری 2021 میں باضابطہ طور پر یہ منصب سنبھالیں گی۔ گذشتہ دو سال سے شیخہ بودور القاسمی آئی پی اے کی جنرل اسمبلی میں آئی پی اے کے نائب صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہیں۔ شیخہ بودور القاسمی کی کتاب انڈسٹری کے ایک انتہائی اہم اور بااثر عہدے پر تقرری اشاعت کی صنعت کو ترقی دینے اور متحدہ عرب امارات اور جی سی سی میں خطے میں ناشرین کے امکانات کو فروغ دینے میں ان کی سالہا سال کی کاشوں کا نتیجہ ہے۔ شیخہ بودور کی تقرری متحدہ عرب امارات کی عالمی کامیابیوں میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے اور شارجہ کی مضبوط ثقافتی اور فکری وراثت کی بین الاقوامی شناخت ہے۔ انٹرنیشنل پبلشرز ایسوسی ایشن (آئی پی اے) قومی اور علاقائی پبلشروں کی انجمنوں کی دنیا کی ایک ممتاز فیڈریشن ہے۔ اس کے ارکان کے ذریعے IPA دنیا بھر میں ہزاروں انفرادی پبلشرز کی نمائندگی کرتی ہے۔ یہ ایسوسی ایشن پیرس میں 1896 میں قائم کی گئی تھی۔ یہ دنیا کے 69 ممالک سے تعلق رکھنے والی 83 سے زیادہ تنظیموں پر مشتمل ہے ۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ http://wam.ae/en/details/1395302889343

WAM/Urdu