پیر 18 جنوری 2021 - 2:20:14 صبح

فرانس اپنے مسلمانوں کے ساتھ ملکر شدت پسندی کیخلاف جنگ لڑ رہا ہے:فرانسیسی وزیر


ابوظبی، 25 ،نومبر 2020 (وام) ۔۔ فرانس کی بیرونی تجارت کے وزیر فرینک رسٹر نے کہا کہ فرانس اپنے ہاں مقیم مسلمانوں کے ساتھ مل کر بنیاد پرست انتہا پسندی اور علیحدگی پسندی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے۔ متحدہ عرب امارات کے اپنے دورے کے دوران ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ فرانس میں ایک ہی برادری ہے اور وہ قومی برادری ہے۔ انھوں نے کہا کہ حالیہ حملوں میں فرانس کی اقدار اور اصولوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ انھوں نے اس ضمن میں متحدہ عرب امارات کی حمایت کو سراہا۔ انھوں نے کہا کہ تمام عقائد یا مذاہب کے شراکت داروں کے ساتھ مل کر فرانس مذہبی، جنونی اور پرتشدد انتہا پسندی کا مقابلہ کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ ان مشکل حالات میں متحدہ عرب امارات کی کلیدی حمایت کے شکرگزار ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ طور پر علیحدگی پسندی اور دہشتگردی کا خاتمہ کرسکتے ہیں ۔ متحدہ عرب امارات کے اپنے دورے کے دوران فرانسیسی وزیرنے دوطرفہ معاشی تعلقات کو مستحکم کرنے، مشترکہ منصوبوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے اور تعاون کے نئے شعبوں کی تلاش کے لئے ابو ظبی اور دبئی میں متعدد اعلیٰ اماراتی حکام سے ملاقات کی۔ انھوں نے کہا کہ ' فرانس اور متحدہ عرب امارات متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر قریبی اور مستقل رابطہ رکھے ہوئے ہیں ۔ فرانس اور متحدہ عرب امارات نے اب تک ایک ساتھ مل کر جو کام کیا ہے اس پر فخر محسوس کرسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہماری شراکت ہمیشہ ایک طویل مدتی وژن سے چلتی رہی ہے۔ فرانسیسی وزیر نے ایکسپو 2020 سائٹ کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں انٹرنیشنل پارٹنرز کے چیف آفیسر عمر شہد نے بریفنگ دی۔ فرانسیسی وزیر نے کہاکہ وہ اگلے سال دبئی ایکسپو میں شرکت کے بے تابی سے منتظر ہیں۔ متحدہ عرب امارات 5.7 ارب ڈالر کی دوطرفہ تجارت کے ساتھ مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے خطے فرانس کا دوسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور تیسرا بڑا سپلائر ہے۔ فرانس متحدہ عرب امارات میں سب سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاری کرنے والے ملکوں میں سے ایک ہے۔ متحدہ عرب امارات میں اماراتی معیشت کے تمام بڑے شعبوں میں کام کرنے والی فرانسیسی کمپنیوں کی 600 سے زائد ذیلی تنظیمیں ہیں۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ http://wam.ae/en/details/1395302889983

WAM/Urdu