ہفتہ 27 فروری 2021 - 5:51:12 صبح

متحدہ عرب امارات کی جانب سے ملائیشیا میں سیلاب متاثرین کے لئے ہنگامی امداد فراہم


ابوظہبی ، 9 جنوری ، 2021 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات نے ملائیشیا کی ریاست پاہانگ میں سیلاب سے متاثرہ افراد کو ہنگامی امداد فراہم کی ہے۔ یہ امداد ابو ظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر عزت مآب شیخ محمد بن زاید آل نھیان کی ہدایات اور الظفرا ریجن میں حکمران کے نمائندے اور امارات ہلال احمرکے چیئرمین شیخ حمدان بن زايد آل نهيان کی کوششوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے فراہم کی گئی۔ امارات ہلال احمر کے امدادی پروگرام کے پہلے مرحلے میں بجھوائی جانے والی امداد میں بڑی مقدار میں ادویات وطبی سامان ، کھانے پینے کی چیزیں اور پناہ گاہیں شامل ہیں ،جس سے50ہزار سے زیادہ متاثرہ افراد کو فائدہ پہنچے گا۔ امارات ہلال احمر نے دانشمند قیادت کی ہدایت پر عمل درآمد اور سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے امداد کی فراہمی کو تیز کرنے کے لئے اپنی تیاریاں مکمل کررکھی ہیں۔ امارات ہلال احمر کا ایک وفد امدادی کارروائیوں کی نگرانی اور پاہانگ کی ریاستی حکومت اور مقامی اہل کاروں کی مدد کے لئے ملائشیا کے دارالحکومت پہنچاہے۔ امارات ہلال احمر کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد عتیق الفلاحی نے کہا کہ دانشمند قیادت نے ہمیشہ امارات کے انسان دوستی اور ترقیاتی کردار کو فروغ دینے ،پسماندہ اور قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کو امداد کی فراہمی میں پہل کی ہے۔ الفلاحی نے بتایا کہ ملائیشیا میں متحدہ عرب امارات کا امدادی پروگرام متاثرہ علاقوں کی ضروریا ت کے تخمینہ اور انسانی ہمدردی کی اپیلوں کی بنیاد پر تیار کیا جارہا ہے جبکہ پہلے مرحلے میں ہنگامی ضروریات کی امداد فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں شیلٹر ، خوراک اور صحت کی ضروریات پر توجہ دی گئی ہے اس کے بعد دیگرامدادی مراحل مکمل کئے جائیں گے۔ ملائشیا میں حال ہی میں ہونے والی موسلا دھار بارش سے آںے والے طوفانی سیلاب سے ریاست پاہانگ کے 11 صوبے متاثر ہوئے ہیں۔ ترجمہ۔تنویر ملک http://wam.ae/en/details/1395302900368

WAM/Urdu