بدھ 20 جنوری 2021 - 2:22:47 شام

اٹلانٹک کونسل گلوبل انرجی فورم 19 جنوری کو شروع ہوگا


ابوظہبی ، 12 جنوری ، 2021 (وام) ۔۔ اٹلانٹک کونسل گلوبل انرجی فورم کا پانچواں سالانہ اجلاس ابوظہبی میں منعقد ہونے جارہا ہے جسے تخلیقی اور انٹرایکٹو انداز میں ورچوئل طور پر 19 سے 22 جنوری کو منعقد کیا جائے گا ۔ اس میں سینئر حکومتی عہدیدار ، متعلقہ صنعت کے ایگزیکٹوز ، وزراء توانائی اور موقر مفکرین شریک ہوکر سال کا توانائی ایجنڈا مرتب کریں گے – رواں سال کے اس فورم کا انعقاد بھی ابوظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے نائب سپریم کمانڈر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النھیان کی سرپرستی میں ہوگا – وزیر توانائی و انفراسٹرکچر سھیل بن محمد المزروعی کا کہنا ہے کہ مذاکرہ اور رابطوں کی جتنی ضرورت و اہمیت آج ہے وہ پہلے کبھی نہیں تھی ، ہم سب کو منفرد اور غیر معمولی چیلنجز کا سامنا ہے اور بعد از کووڈ 19 کے بحالی دور میں توانائی کے شعبے نے بہت اہم کردار ادا کرنا ہے – انہوں نے کہا کہ توانائی شعبے کے مستقبل کا قوی تحقیق اور ترقی پر بہت زیادہ انحصار ہوگا جس میں تخلیق کاری ، تعاون کو بہت اہمیت حاصل ہوگی ، کورونا وائرس کی عالمی وباء نے مشترکا اہداف کے حصول کی اہمیت کو مزید زیادہ بڑھا دیا ہے تاکہ پائیداری ، مسرت اور ترقی کرتے ستقبل کے ویژن کو یقینی بنایا جاسکے – اس چار روزہ ایونٹ میں دنیا بھر سے آئے شرکاء اپنا اپنا ماہرانہ تجزیہ پیش کریں گے جس کی پروگرامنگ کو دنیا کے اہم ٹائم زونز کے مطابق براہ راست نشر کیا جائے گا ۔ یہ موقع اٹلانٹک کونسل گلوبل انرجی فورم کو ایک بار پھر ابوظہبی پائیداری ہفتہ کا حصہ بھی بنائے گا جوکہ عالمی پائیدار ترقی کو تیزرفتار بنانے کا اہم موقع ہے – اٹلانٹک کونسل کے صدر اور سی ای او فریڈرک کیمپے کا کہنا ہے کہ موجودہ عالمی وباء اور عالمی اقتصادیات پر اس کے اثر نے عالمی توانائی کی منتقلی کے رحجانات پر بہت اثر ڈالا ہے اور عالمی ماحول کو کاربن سے پاک بنانے کی اہمیت بہت زیادہ اجاگر ہوئی ہے جس میں جدید توانائی رحجانات کی قدر بڑھی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ انہیں عملی طور پر ابوظہبی نہ آںے کا افسوس ہے لیکن اس ورچوئل انداز کے اجلاس میں عالمی توانائی شعبے سے غیرمعمولی شرکت متوقع ہے جن میں اس شعبے کے قائدین ، فیصلہ ساز اور بین الاقوامی میڈیا نمائیندے شامل ہونگے – اٹلانٹک کونسل کی جانب سے گلوبل انرجی ایجنڈا بھی جاری کیا جائے گا جوکہ کووڈ 19 کے اثرات کے تناظر میں اس شعبے کے سینکڑوں ماہرین کی آراء پر مشتمل جامع سروے کے نتائج سے اخذ کردہ ہوگا – یہ کانفرنس نئی امریکی انتظامیہ کیلئے توانائی کی ترجیحات کا تعین بھی کرے گی جبکہ توانائی منتقلی میں مشرق وسطی کے کردار کو بھی اجاگر کرے گی – یو اے ای انویسٹمنٹس اور مبادلۃ انویسٹمنٹ کمپنی کے سی ای او مصبح الکعبی کا کہنا ہے کہ مستقبل کی توانائی طلب کو پورا کرنے کیلئے توانائی کی تمام اقسام میں واضح سرمایہ کاری درکار ہوگی اور یہ عالمی ماحولیاتی اہداف کا حصول بھی اسی سے ہوگا ، توانائی کی ابھرتی ٹیکنالوجیز اور ہائیڈروکارب میں مواقع تلاش کرنے کیلئے سرگرم و فعال کوششیں جاری ہیں – اس کانفرنس کو وزارت توانائی و انفراسٹرکچر ، ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی ادنوک اور مبادلۃ انویسٹمنٹ کمپنی کی شراکت داری سے منعقد کیا جارہا ہے جبکہ آر بی ایس کیپیٹل مارکیٹس اور سیمنز انرجی بطور شریک چیئر اور سی این بی سی بطور عالمی میڈیا پارٹنر کے شامل ہونگے – اٹلانٹک کونسل نے مارچ 2020 سے ایسے ایونٹس کو ورچوئل انداز سے منعقد کرانے میں نمایاں کردار ادا کرنا شروع کررکھا ہے جس کے دوران ایسے 400 عوامی ایونٹس کو 8ء1 ملین سے زائد ناظرین نے دیکھا – ترجمہ ۔ تنویر ملک – http://wam.ae/en/details/1395302900923

WAM/Urdu