اتوار 17 جنوری 2021 - 8:18:51 صبح

اے ڈی ایس ڈبلیو 2021 سے کووڈ 19 کے بعد سرسبز بحالی کا ایجنڈا طے پائے گا


ابوظہبی ، 13 جنوری ، 2021 (وام) ۔۔ پائیدار ترقی کے عمل کو تیز کرنے کیلئے عالمی سطح کے پلیٹ فارم ابوظہبی پائیداریت ہفتہ ، اے ڈی ایس ڈبلیو 18 سے 21 جنوری 2021 کو منعقد ہونے جارہا ہے ۔ مصدر کی میزبانی میں اس کا انعقاد ورچوئل طور پر ہوگا – اے ڈی ایس ڈبلیو 2021 میں اعلی سطح کے کئی ایونٹس ہونگے جن میں اے ڈی ایس ڈبلیو سمٹ ، ارینا اسمبلی ، ابوظہبی پائیدار مالیاتی فورم ، اٹلانٹک کونسل گلوبل انرجی فورم ، نوجوان برائے پائیدار فورمز اور ورلڈ فیوچر انرجی سمٹ ویبنار شامل ہیں – وزیر صنعت و ایڈوانسڈ ٹیکنالوجیز ، نمائیندہ خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلیاں اور مصدر کے چیئرمین ڈاکٹر سلطان بن احمد الجابر کا کہنا ہے کہ اب جب دنیا کی معیشتیں کورونا وائرس کی عالمی وباء کے بعد بحالی کے عمل سے گزر رہی ہیں تو ہم سب کو پرعزم اہداف کے تعین ، نئی ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کے مواقع حاصل ہوئے ہیں ، پائیدار بحالی کیلئے ضروری ہے کہ ہم ضروری پالیسی سازی کو انجام دیں ، اس مقصد کی خاطر اے ڈی ایس ڈبلیو ایک گرانقدر موقع فراہم کررہا ہے تاکہ ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے عہدہ برآ ہونے کیلئے ہم عزم کے ساتھ بہتر سوچیں اور آگے بڑھیں ۔ انہوں نے اس تناظر میں متحدہ عرب امارات کے اہم کردار پر بھی روشنی ڈالی – اے ڈی ایس ڈبلیو سمٹ سے ڈاکٹر الجابر کلیدی خطاب بھی کریں گے جس میں دنیا بھر سے اعلی پائے کے 70 مقررین شامل ہونگے ۔ اس کے دیگر کلیدی مقررین میں مناکو کے سربراہ شہزادہ البرٹ دوئم بھی شامل ہونگے – اس ایک روزہ ورچوئل سمٹ کے دیگر مقررین میں کے بی ڈبلیو کے وینچرز کے بانی و سی ای او شہزادہ خالد بن الولید بن طلال آل سعود ، مبادلۃ انویسٹمنٹ کے ایم ڈی اور گروپ سی ای او خلدون خلیفہ المبارک ، جمہوریہ سنگاپور کے وزیر ماحولیات گیرس فو ، کالیمات پبلشنگ گروہ کی بانی و سی ای او شیخہ بدور بنت سلطان القاسمی ، ابوظہبی محکمہ توانائی کے چیئرمین عویضہ مرشد المرر ، ارینا کے ڈی جی فرانسسکو لا کمیرا ، یواین ہیبیٹٹ کی ای ڈی میمونہ محمد شریف ، ایچ ایس بی سی ہولڈنگز کے گروپ سی ای او نوئل کوئن ، بلیک راک کے چیئرمین و سی ای او لارنس فنک اور مائیکروسافٹ کے چیف ماحولیاتی آفیسر ڈاکٹر لوکاس جوپا سمیت دیگر اعلی مقررین شامل ہیں – اے ڈی ایس ڈبلیو کی سمٹ منگل 19 جنوری کو ہوگی جس کی میزبانی مصدر کرے گی اور اس میں زیر غور آںے والے تین کلیدی امور میں لائیو اینڈ موو ، کیئر اینڈ انگیج اور ورک اینڈ انویسٹ شامل ہونگے ۔ اس کا ہر موضوع بعد از کووڈ 19 دور میں سرسبز بحالی میں سماجی ، اقتصادی اور ٹیکنالوجی مواقع کا احاطہ کرے گا – وزیر مملکت اور اے ڈی جی ایم کے چیئرمین احمد علی الصایغ کا کہنا ہے کہ اے ڈی ایس ڈبلیو متحدہ عرب امارات اور ابوظہبی کے اس عزم کا اظہار ہوگا جوکہ وہ تخلیق کاری ، پائیداری ، علم و دانش پر مبنی معیشت کیلئے رکھتے ہیں ۔ اس اہم موقع پر دیگر شراکت داروں کے تعاون سے علم و دانش کے تبادلے کا گرانقدر موقع میسر آئے گا – ابوظہبی محکمہ توانائی کے چیئرمین عویضہ مرشد المرر کا کہنا ہے کہ کووڈ 19 کی وجہ سے جو سماجی اور اقتصادی چیلنجز درپیش آئے انہوں نے اجتماعیت اور پائیداریت کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سرسبز منتقلی کی جانب کوششیں تیز کریں جوکہ صحت مند بحالی کیلئے ایک قوت ہے – فرانسسکو لا کمیرا کا کہنا تھا کہ کووڈ 19 کی وجہ سے غیرمعمولی رکاوٹیں اور مسائل درپیش آئے اور اس کا دنیا بھر کو سامنا کرنا پڑا لیکن اب بحالی کا دور توانائی شعبہ کے پالیسی سازوں اور سرمایہ کار معاشرے کو فیصلوں اور عمل کرنے کا موقع میسر کررہا ہے ، اس میں پائیدار ترقی ، اقتصادی فعالیت اور مشترکہ خوشحالی نصب العین ہیں – ابوظہبی پائیداریت ہفتہ کے 2020 کے ایڈیشن میں دنیا کے 170 ممالک سے 45 ہزار کے لگ بھگ شرکاء آئے تھے جن میں اعلی سطح کے 500 مقررین بھی شامل تھے – ترجمہ ۔ تنویر ملک – http://wam.ae/en/details/1395302901200

WAM/Urdu