ہفتہ 27 فروری 2021 - 4:39:33 صبح

متحدہ عرب امارات اورجاپان کا امونیا ایندھن اور کاربن ری سائیکلنگ ٹیکنالوجی میں تعاون پر اتفاق


ابوظہبی ، 14 جنوری ، 2021 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات اور جاپان نے امونیا ایندھن اور کاربن ری سائیکلنگ ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا ہے۔ متحدہ عرب امارات کے وفد کے جاپان کے ورچوئل کاروباری دورے کے دوران ابو ظہبی نیشنل آئل کمپنی (ادنوک) اورجاپان کی وزارت اقتصادیات ، تجارت و صنعت کے مابین تعاون کی یادداشت پر دستخط کئےگئے۔ دورے کے دوران وزیر صنعت و جدید ٹیکنالوجی اورادنوک گروپ کے سی ای او ڈاکٹر سلطان احمد الجابراور جاپان کی وزیر اقتصادیات ، تجارت و صنعت کاجی یامہ ہیروشی نےاسٹریٹجک تعاون کے دوطرفہ نئے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔ صنعتی تعاون ، آب و ہوا کی تبدیلی ، ہائیڈروجن اور کوویڈ کے بعد معاشی بحالی پر تبادلہ خیال کے دوران جاپان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر شہاب احمد الفہیم نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر الجابر نے کہا کہ انہیں جاپان کے ساتھ اس اہم معاہدے پر بہت خوشی ہے جس سے دونوں ممالک امونیا ایندھن اور کاربن ری سائیکلنگ ٹکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کرسکیں گے۔ متحدہ عرب امارات کے لئے یہ ایک اور اہم پیشرفت ہے جس سےکم اخراجات نئے ایندھن سے زیادہ سے زیادہ توانائی پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے متحدہ عرب امارات اور جاپان کے مابین مضبوط اور دو طرفہ تعلقات کو فروغ ملے گا جو دونوں ممالک کے مابین معاشی اور تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے لئے متحدہ عرب امارات کی قیادت کے عزم کو اجاگر کرتاہے۔ جاپان ادنوک کا تیل اور گیس کی مصنوعات کا سب سے بڑا بین الاقوامی درآمد کنندہ ہے۔ جاپان اپنی ضوریات کا 25٪ خام تیل متحدہ عرب امارات سے درآمد کرتا ہے۔ اس موقع پر کاجی یامہ ہیروشی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے جاپان ہائیڈروجن اور امونیا سمیت جامع وسائل کی ڈپلومیسی کو فروغ دے رہا ہے۔ امید ہے کہ ہم امونیا ایندھن اور کاربن ری سائیکلنگ کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے لئے متحدہ عرب امارات کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ ڈاکٹر الجابر نے ان پیکس کارپوریشن، اینیوس کارپوریشن ، ایدیمتسو کوسان کمپنی لمیٹڈ ، کاسمو انرجی ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ ، جیرا کمپنی ، متسوبشی کارپوریشن ، متسوئی اینڈ کمپنی لمیٹڈ ، مروبینی کارپوریشن، اتوشو کارپوریشن ،سومیتومو مٹسوئی بینکنگ کارپوریشن ، میزوہو بینک لمیٹڈ اور ایم یو ایف جی بینک لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو افسران سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں ادنوک اور آئی سی ای فیوچر ابوظہبی (افاد) نے کوسمو آئل کمپنی لمیٹڈ اور دیگر جاپانی صارف اداروں کے ساتھ معاہدوں پر دستخط کیے۔ افاد کا 29مارچ2021 سے موربان فیوچرز کنٹریکٹ کا لین دین شروع کرنے کا منصوبہ ہے جس سےافاد ابوظبی کےموربان خام تیل کی تجارت کرنے والا دنیا کا پہلا تجارتی پلیٹ فارم بن جائے گا۔ ورچوئل دورہ کے دوران ادنوک نے اپنی ویلیو چین میں سرمایہ کاری اور شراکت کے مواقع کو اجاگر اور جاپانی کمپنیوں کے ساتھ شراکت کے لئے اپنی خواہش کا اظہار کیا۔ ترجمہ۔تنویر ملک https://wam.ae/en/details/1395302901571

WAM/Urdu