ہفتہ 27 فروری 2021 - 5:44:22 صبح

شارجہ کی فلاحی تنظیم نے گزشتہ سال پندرہ ملکوں میں 39منصوبوں کیلئے10,598,043 ڈالر فراہم کئے


شارجہ، 18جنوری، 2021 (وام) ۔۔ شارجہ میں قائم عالمی انسانی ہمدردی کی تنظیم دی بگ ہارٹ فاؤنڈیشن (ٹی بی ایچ ایف) نے گزشتہ سال کلیدی شعبوں میں 39 منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر 38،979،601 درہم (10,598,043) ڈالر کی مجموعی مالی اعانت فراہم کی۔ گزشتہ سال سے 23 منصوبوں میں اضافے کا اشارہ دیتے ہوئے ٹی بی ایچ ایف کی 2020 کی سالانہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان مشترکہ کاوشوں سے 15 ممالک میں 803,175 مستحق افراد مستفید ہوئے۔ ان منصوبوں سے 2019 میں 11 ممالک کے 656,404 افراد مستفید ہوئے۔ کرونا وباء کے دوران ٹی بی ایچ ایف کے بہت سے فلاحی منصوبوں میں 2020 ککے دوران پوری دنیا میں پناہ گزینوں اور داخلی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کی صحت کی دیکھ بھال کی صلاحیتوں اور صفائی ستھرائی کی سہولیات کو بہتر بنانے پر توجہ دی گئی جبکہ تعلیم، بنیادی ڈھانچے کی سہولیات، رہائش کے حالات اور ضروریات کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ہنگامی امداد اور امدادی کاموں کی فراہمی پر بھی توجہ دی گئی۔ 2020 کی سالانہ رپورٹ کے مطابق ٹی بی ایچ ایف نے 19,486,327 درہم مالیت کے 12 صحت سے متعلق منصوبوں کے لئے مالی اعانت فراہم کی جس سے 714,258افراد کو فائدہ پہنچا۔ تعلیم کے شعبے میں 4،727،341 درہم کی لاگت سے آٹھ منصوبوں سے 66،657 مستحقین مستفید ہوئے ۔ تنظیم نے 7،442،013 درہم مالیت کے چار بنیادی ڈھانچے کے منصوبے شروع کیے جن سے 3,340 افراد کو فائدہ پہنچا۔ اسی طرح 3،908،886 درہم کی لاگت سے 5,710 افراد کے معاش کو بہتر بنانے کے لئے آٹھ منصوبے اور 912 بچوں، مہاجرین اور بے گھر لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے لئے 1،470،968 درہم مالیت کے تحفظ کے شعبے میں تین منصوبے شروع کئے گئے۔ مزید برآں شارجہ میں قائم اس فاؤنڈیشن نے 1،643،658 درہم مالیت کے تین منصوبوں کے ذریعے 10,798مستحقین کو ہنگامی امداد فراہم کی اور 1,500 افراد کی بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لئے 300،408 درہم مالیت کے منصوبوں کا آغاز کیا گیا۔ ایک بیان میں ٹی بی ایچ ایف کی ڈائریکٹر مریم الحمادی نے کہا کہ 2020 کے غیر معمولی واقعات انسانی امداد کی تنظیموں کے لئے ایک یاد دہانی ہیں کہ وہ فوری طور پر اور موثر انداز میں تعاون کو فروغ دینے کے لئے کام کرنے والے متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون اور ہم آہنگی کے لئے ہنگامی ردعمل کی تیاری کا طریقہ اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کونسل کے رکن اور شارجہ کے حکمران ڈاکٹر شیخ سلطان بن محمد القاسمی کی اہلیہ اور ٹی بی ایچ ایف کی چیئرپرسن شیخہ جواہر بنت محمد القاسمی کی ہدایت پر فاؤنڈیشن عالمی سطح پر انسانیت کو درپیش چیلنجوں پر قابو پانے میں اپنی تیاری کو مزید بہتر کررہی ہے اور بچوں، پناہ گزینوں اور بے گھر افراد سمیت انتہائی غریب آبادیوں کو فائدہ پہنچانے کے لئے پائیدار منصوبوں پر توجہ مرکوز کررہی ہے۔ اگست 2020 میں شیخہ جواہر نے بیروت میں ہوئے تباہ کن دھماکوں کے متاثرین کی مدد کے لئے "سلام بیروت" کے نام سے ایک بین الاقوامی ہنگامی امدادی مہم شروع کی۔ مقامی شراکت داروں کے تعاون سے متحرک، انسانیت سوز اقدام جس نے صحت کی دیکھ بھال اور صفائی ستھرائی جیسی اہم خدمات کے علاوہ طبی امداد، خوراک اور پانی کی فراہمی نیز متاثرین کو پناہ دینے پر توجہ دی۔ پچھلے سال اس مہم کے آغاز کے بعد سے اس مہم کو 33 درہم ملین کی رقم وصول ہوئی۔ اس میں سے 13.7 ملین درہم کی رقم 2020 میں کئے گئے امدادی کاموں کے لئے 485 مکانات کی بحالی سمیت استعمال کی گئی ہے۔ 2020 کے دوران ٹی بی ایچ ایف نے لبنان میں 16.5 ملین درہم مالیت کے بہت سے اہم شعبوں میں فلاحی منصوبوں کیلئے مالی اعانت فراہم کی جس میں مختلف منصوبوں کے لئے2.8 ملین بھی شامل ہیں جنھیں بیروت دھماکوں سے قبل فنڈز فراہم کیے گئے تھے۔ شیخہ جواہر نے گذشتہ اپریل میں اردن، فلسطین، لبنان، بنگلہ دیش اور کینیا میں پناہ گزینوں اور داخلی طور پر بے گھر افراد کی میزبانی کرنے والے مقامات میں صحت کی نگہداشت کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے فنڈ ریزنگ مہم شروع کی۔ ان ممالک میں اپنے اہم شراکت داروں کی مربوط تائید کے ساتھ ٹی بی ایچ ایف نے صحت، تعلیمی بیداری اور پانی، صفائی ستھرائی اور حفظان صحت کے پروگراموں کی مدد کے لئے وسائل اور ترجیحی سرگرمیوں کو متحرک کیا۔ اس مہم کے تحت ہر ملک میں مہاجرین اور بے گھر افراد کی ضروریات پوری کرنے کے لئے ایک لاکھ ڈالر حاصل کیے۔ اس مہم کے تحت ٹی بی ایچ ایف نے متحدہ عرب امارات میں COVID-19 کے پھیلاؤ سے براہ راست یا بالواسطہ متاثر ہونے والے خاندانوں اور افراد کو کھانے کی فراہمی یقینی بنائی۔ ٹی بی ایچ ایف اب تک متحدہ عرب امارات میں 660 خاندانوں اور 1.400افراد کو کھانا فراہم کرچکی ہے۔ فاؤنڈیشن نے مصر کے دارلحکومت قاہرہ میں پی آئی سی یو اور پاکستان میں شوکت خانم کینسر ہسپتال کیلئے مالی معاونت فراہم کی۔ یہ رقم شارجہ میں مقیم فرینڈز آف کینسر مریض اور ٹی بی ایچ ایف کے تعاون سے ایک عالمی فنڈ سے مختص کی گئی۔ نائیجر میں طویل مدتی ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے معاشرے پر پائیدار اثرات پیدا کرنے کی حکمت عملی کے تحت ٹی بی ایچ ایف نے 2020 میں معاش کے بہت سے منصوبوں پر عمل درآمد کیا جس میں شارجہ چیریٹی ہاؤس کے ساتھ شراکت کا منصوبہ شامل ہے۔ ٹی بی ایچ ایف نے سوڈان میں 755،149 درہم مختص کئے تاکہ ستمبر 2020 کے تباہ کن سیلاب کے آٹھ ہزار افراد کو ہنگامی امداد فراہم کی جاسکے۔ شارجہ انٹرنیشنل ایوارڈ برائے مہاجرین کے 2020 ایڈیشن کے دائرہ کار میں توسیع کرکے پورے افریقی براعظم سے تعلق رکھنے والے اداروں کو شامل کیا گیا۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ https://wam.ae/en/details/1395302902316

WAM/Urdu