جمعہ 24 ستمبر 2021 - 7:15:18 شام

متحدہ عرب امارات اور کینیا کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے پر غور


دبئی، 12ستمبر، 2021 (وام) ۔۔ وزیر مملکت برائے انٹرپرینیورشپ اور ایس ایم ایز ڈاکٹر احمد بلہول الفلاسی اور وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی نے دبئی میں کینیا کی وزارت صنعت کاری، تجارت اور انٹرپرائز ڈویلپمنٹ کی کابینہ سیکرٹری بیتی مائنہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین اقتصادی تعلقات اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر غور کیا گیا۔ ملاقات میں متحدہ عرب امارات اور کینیا کے اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے متعدد منصوبے بنائے گئے جو دونوں ممالک میں کاروباری برادریوں کے مابین نئی شراکت داری کو آسان بنانے میں معاون ہونگے ۔ فریقین نے دونوں ملکوں کی حکومتوں کے مابین اقتصادی، تجارتی اور تکنیکی تعاون کے معاہدے پر دستخط کرنے کی کوششوں کو بڑھانے اور ایک مشترکہ اقتصادی کمیٹی تشکیل دینے پر تبادلہ خیال کیا تاکہ ایکشن پلانز اور فریم ورک تعاون کو آسان بنایا جاسکے اور آنے والے برسوں میں زراعت،خوراک کی پیداوار، پروسیسنگ انڈسٹری، انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی، ڈیجیٹلائزیشن اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں مہارت کا تبادلہ کیا جائے۔ متحدہ عرب امارات اور کینیا کے تجارتی تعلقات میں گزشتہ کچھ عرصے میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہےاور غیر تیل کی تجارت کا حجم بڑھ کر 2020 میں 7 ارب ڈالر کے لگ بھگ ہوگیا جو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کو ظاہر کرتا ہے۔ وزیر مملکت ڈاکٹر احمد بلہول الفلاسی نے کہا کہ ہم کینیا کے ساتھ اشتراک کر رہے ہیں تاکہ انٹرپرینیورشپ اور ایس ایم ایز کے شعبے میں نئے مواقع پیدا کریں، اس کی ترقی کو آگے بڑھائیں اور اسے بین الاقوامی منڈیوں میں پھیلانے کے قابل بنائیں۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات اور کینیا کی کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ ان مواقع اور مراعات سے فائدہ اٹھائیں تاکہ دوطرفہ معاشی تعلقات کو آگے بڑھایا جا سکے۔ وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے کینیا میں آئی ٹی ، لاجسٹکس ، ریٹیل ، تفریح ​​، صحت کی دیکھ بھال اور کان کنی جیسے اہم شعبوں میں 11 ارب درہم کی سرمایہ کررکھی ہےجبکہ متحدہ عرب امارات میں کینیا کی مجموعی سرمایہ کاری کا حجم 291 ملین درہم ہے۔ انہوں نے کینیا کے تاجروں اور سرمایہ کاروں کو ایکسپو 2020 دبئی میں شرکت کی دعوت دی۔ کینیا کی وزارت صنعت کاری، تجارت اور انٹرپرائز ڈویلپمنٹ کی کابینہ سیکرٹری بیتی مائنہ نے کہا کہ ہم ایکسپو 2020 دبئی میں نتیجہ خیز شرکت کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہیں اور تجارت ، سیاحت ، انٹرپرینیورشپ ، انوویشن ، فوڈ سیکورٹی اور صنعتی شعبوں کے پروگراموں اور منصوبوں کے ذریعے متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط کریں گے۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ http://wam.ae/en/details/1395302969254

WAM/Urdu