منگل 28 ستمبر 2021 - 6:11:51 شام

ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے انتظامی سزاؤں میں کمی سے فائدہ اٹھائیں :فیڈرل ٹیکس اتھارٹی


ابوظبی، 14 ستمبر، 2021 (وام)۔۔ فیڈرل ٹیکس اتھارٹی (ایف ٹی اے) نے رجسٹریشن کرانے والوں کو 2021 کے کابینہ فیصلہ نمبر 49 کے مطابق ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی کی انتظامی سزاؤں میں کمی کے فیصلہ نمبر 40 سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا ہے۔ یہ فیصلہ 28 جون 2021 کو نافذ ہوا اور اس میں انتظامی جرمانے میں کمی کی گئی تھی تاکہ ٹیکس دہندگان کو ان کی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں مدد ملے۔ فیڈرل ٹیکس اتھارٹی نے کہا ہے کہ کابینہ کے اس فیصلے سے متحدہ عرب امارات کی عالمی کاروباری مسابقت کو تقویت ملے گی جو کہ ٹیکس قانون سازی کا ماحول قائم کرے گا اور خود تعمیل کی حوصلہ افزائی کے ساتھ قومی معیشت کو نمایاں مدد فراہم کرے گا۔ فیصلے میں 16 قسم کی انتظامی سزاؤں کا خاکہ پیش کیا گیا جن میں یا تو کمی کی گئی ہے یا حساب کتاب کے طریقے میں ترمیم کی گئی ہے۔ ان ترامیم میں ٹیکس کے طریقہ کار پر 2017 کے وفاقی قانون نمبر 7، ایکسائز ٹیکس پر 2017 کے وفاقی قانون نمبر 7 اور ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے بارے میں 2017 کے وفاقی حکم نامہ نمبر 8 کے اطلاق سے متعلق انتظامی خلاف ورزیاں شامل ہیں۔ ایک پریس بیان میں فیڈرل ٹیکس اتھارٹی نے شرائط کے ایک سیٹ کا خاکہ پیش کیا ہے جو کہ سزاؤں کے دوبارہ تعین سے فائدہ اٹھانے کے لیے ہے۔ رجسٹرار کو 31 دسمبر 2021 تک تمام قابل ادائیگی ٹیکس طے کرنے ہوں گے اور 28 جون 2021 سے پہلے لگائے گئے کل غیر حل شدہ انتظامی جرمانوں کا 30 فیصد 31 دسمبر 2021 سے پہلے حل کرنا ہو گا ۔ فیڈرل ٹیکس اتھارٹی نے کہا ہے کہ اگر رجسٹرار ان تمام شرائط کو پورا کرتا ہے تو انتظامی جرمانے کل غیر ادا شدہ جرمانوں کے 30 فیصد کے برابر مقرر کیے جائیں گے جو ایف ٹی اے کے الیکٹرانک سسٹم پر 31 دسمبر 2021 کے بعد ظاہر ہوں گے۔ رجسٹریشن کرانے والوں کو نئے فیصلے سے فائدہ اٹھانے میں مدد کے لیے فیڈرل ٹیکس اتھارٹی نے ایک عملی مثال پیش کی جس میں دو طرح کے کیس شامل ہیں۔ ایک جس کے تحت رجسٹرنٹ دوبارہ تعین کے لیے اہل ہو گا اور دوسرا جس وہ دوبارہ تعین کے اہل نہیں ہو گا ۔ فیڈرل ٹیکس اتھارٹی نے رجسٹریشن کرنے والوں پر زور دیا کہ وہ ایف ٹی اے کے ای سروسز پورٹل پر اپنی ادائیگیوں کو طے کرتے وقت "ادائیگی ایڈجسٹمنٹ ٹائپ" فیچر استعمال کریں۔ یہ سہولت ٹیکس دہندگان کو ان کی ادائیگی کی ترجیحات کی بنیاد پر رقم مختص کرنے کی اجازت دیتی ہے۔ فیڈرل ٹیکس اتھارٹی نے یہ بھی واضح کیا ہےکہ وہ افراد جن پر ٹیکس لاگو ہوتا ہے کے لیے ضروری ہے کہ وہ ادائیگی کے لئے دی گئی تاریخ سے قبل اپنا واجب الادا ٹیکس ادا کریں تاکہ تاخیر سے ادائیگی کے جرمانے سے بچا جا سکے۔ فیڈرل ٹیکس اتھارٹی نے 2021 کے کابینہ کے فیصلہ نمبر 49 پر دو عوامی وضاحتیں جاری کی ہیں جو ایف ٹی اے کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ http://wam.ae/en/details/1395302969880

WAM/Urdu