پیر 27 جون 2022 - 10:05:27 صبح

ایئرپورٹس مستحکم سیکیورٹی ڈھانچے کی تعمیرکررہے ہیں :گلوبل ایئرپورٹ لیڈرز فورم میں ماہرین کااظہارخیال


دبئی، 19 مئی، 2022 (وام) ۔۔ سیکیورٹی ماہرین اور حکام کا کہنا ہے کہ ہوائی اڈوں پر بڑھتے ہوئے سیکورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیےائرپورٹ اتھارٹیزایک مستحکم سیکیورٹی ڈھانچے کی تعمیرکررہے ہیں، جس میں ٹیکنالوجیز کو بروئے کار لاتے ہوئے مسافروں کی بڑی تعداد کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جاسکے گی۔ گلوبل ایئرپورٹ لیڈرز فورم میں ایئرپورٹ سیکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دبئی پولیس کے جنرل ڈپارٹمنٹ آف ایئر پورٹ سیکیورٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر بریگیڈیئرحمودة محمد سلايم العامری نے کہا کہ جیسے جیسے سیکورٹی کے خطرات بڑھتے جا رہے ہیں، ہوائی اڈے کا اینڈ ٹو اینڈ سیکورٹی ٹیکنالوجی پر مبنی نظام بہتر کیا جارہا ہے تاکہ ان خطرات کا وقوع پزیر ہونے سے قبل پتہ لگایا جا سکے اور ان کو ختم کیا جاسکے۔ دنیا بھر میں سیکیورٹی ادارے سیکیورٹی نظام کو مضبوط بنارہے ہیں اور وقت سے پہلے دہشت گردی کی کارروائیوں یا اسمگلنگ کا پتہ لگانے کے لیے مختلف ٹیکنالوجیز پر مبنی اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کسی بھی خطرے کو کم کرنے میں مدد کے لیے محفوظ انفراسٹرکچر کے قیام کی اہمیت کو اجاگر کیا،کیونکہ مزید محفوظ اقدامات کرنے کے لیے منصوبہ بندی کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی ٹی سکیننگ،تھری ڈی امیجنگ،اے آئی اور مسافروں کے ساتھ ساتھ کارگو کی حفاظت کے لیےآلات کے ساتھ ٹیکنالوجی جیسے دیگر ذرائع ایئرپورٹ کی سیکیورٹی کو نئی شکل دے رہے ہیں۔ بریگیڈیئر العامری نے کہا کہ ٹیکنالوجی اور کے 9 جیسے پرانے طریقے ہوائی اڈوں کی سیکیورٹی اور دھماکہ خیز مواد یا منشیات کی کھوج لگانےمیں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ دبئی پولیس جدید ترین ٹیکنالوجی کو پرانے طریقوں کے ساتھ ملا کر استعمال کررہی ہے اور اس کے نتائج کافی تسلی بخش ہیں۔ بائیو میٹرک ، فنگر پرنٹس اورچہرے کی سکیننگ، جیسے طریقوں کے ساتھ مصنوعی ذہانت ہوائی اڈوں کی سیکورٹی کا مستقبل ہیں۔ دبئی ایئرپورٹس کے نائب صدرسیکیورٹی، بطی احمد قروش نے ایئرپورٹ سیکیورٹی میں حالیہ اہم پیش رفت جسے عالمی سطح پر ایئرپورٹس پر نافذ کیا جا رہا ہے کے حوالے سے کہا کہ زیادہ سے زیادہ سیکیورٹی اور تحفظ کے لیے ہوائی اڈوں پر مسافروں کے مجموعی تجربے کو بہتر بنانے کے لیے نئے اقدامات میں خودکار مشینوں کے ذریعے سیکیورٹی اسکریننگ کا عمل، بائیو میٹرک کا استعمال، پیسنجر ٹریکنگ، ویڈیو نگرانی، خطرے پر مبنی سیکیورٹی اور رسائی کنٹرول اور قطار وں کو منظم کرنا شامل ہے۔ انہوں نے حفاظتی اقدامات کے ساتھ ساتھ موجودہ حفاظتی پروٹوکول میں شامل کیے جانے والے متعدد اقدامات کے حوالے سے کہاکہ مسافروں کی اسکریننگ کے لیے جو نئے اقدامات شامل کیے گئے ہیں ان میں سی ٹی ٹیکنالوجی، باڈی اسکینر اور ایڈوانس سی سی ٹی وی شامل ہیں جب کہ کارگو اسکریننگ کے لیے نئے فیچر شامل کئے گئے ہیں جس میں بگ ایکس رے اسکریننگ اور عملے کی اسکریننگ اور بایومیٹرکس کے لیے ریگولیٹڈ ایجنٹس کی تعیناتی شامل ہے۔ ڈرونزبھی ہوائی اڈوں کے ارد گرد سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے ریڈار ٹیکنالوجیز کو انسٹال کرنے کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ دنیا کے سب سے بڑے ہوائی اڈے کی صنعت بی ٹو بی پلیٹ فارم، آر ایکس گلوبل(ریڈ ایگزیبشنز) کے زیر اہتمام ہونے والے اس فورم میں پائیداری پر بھرپور توجہ مرکوز ہے تاکہ ہوابازی صنعت کو زیادہ پائیدار صنعت کی شکل اختیار کرنے میں مدد مل سکے جس کا مقصد ہر سال بعد کاربن کے اخراج میں کمی لانا ہے۔ ایئرپورٹ شو کے 21 ویں ایڈیشن کے انعقاد کے لیے دبئی ایئرپورٹس، دبئی پولیس، دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی( ڈی سی اے اے)،دناتا(امارات ایئر لائن اور گروپ کا حصہ)، دبئی ایوی ایشن انجینئرنگ پروجیکٹس (ڈی اے ای پی)، گلوبل ایئر نیویگیشن سروسز (جی اے این ایس) اور دبئی ایئر نیوی گیشن سروسز (ڈانز) نے تعاون کیا۔ ترجمہ۔تنویر ملک http://wam.ae/en/details/1395303049013

WAM/Urdu