بدھ 29 جون 2022 - 9:55:09 صبح

متحدہ عرب امارات میں 2004 کے بعد سے آسٹریلوی کاروبار میں6 گنا اور کمیونٹی کی تعداد میں 4 گنا اضافہ ہواہے:گورنر جنرل

ویڈیو تصویر

بنسل عبدالقادر سے

ابوظہبی، 20 مئی، 2022 (وام) ۔۔ آسٹریلیا کے گورنر جنرل ڈیوڈ ہرلے نے کہا ہے کہ 2004 میں متحدہ عرب امارات میں آسٹریلوی سفارتی مشن کھلنے کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات میں زبردست ترقی ہوئی ہے ، متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا کے کاروبار میں چھ گنا جبکہ یہاں مقیم آسٹریلوی باشندوں کی تعداد میں تقریباً چار گنا اضافہ ہوا ۔

امارات نیوز ایجنسی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا متحدہ عرب امارات میں 2004 سے سفارتی سطح پر موجود ہے ۔ اس کے بعد سے، 2022 تک، سفارتی تعلقات کافی گہرے ہوئے ہیں۔

ابوظہبی میں آسٹریلوی سفیر کی رہائش گاہ پر وام کو دئے گئے ایک خصوصی انٹرویومیں انہوں نے وضاحت کی کہ اقتصادی محاذ پر، متحدہ عرب امارات میں آسٹریلوی کمپنیوں کی تعداد میں چھ گنا اضافہ ہوا ہے، جو اہم اور متنوع ترقی کرتے ہوئے 2004 میں 50 سے بڑھ کر 2022 میں 300 تک پہنچ گئی ہیں۔

متنوع ترقی:

ابتدائی طور پر متحدہ عرب امارات میں آسٹریلوی کاروبار زیادہ تر روایتی معدنیات اور بنیادی مصنوعات جیسے خوراک وغیرہ کے حوالے سے تھا۔ انہوں نے بتایا کہ تعلیمی شعبے میں، وولونگونگ یونیورسٹی نے دبئی میں آسٹریلیا کی پہلی بین الاقوامی یونیورسٹی کھولی جس کے بعد دیگر یونیورسٹیوں نے بھی اس کی پیروی کی۔

انہوں نے کہا کہ دفاعی شعبے میں ان سالوں میں تعلقات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ یکم جنوری 2019 کو گورنر جنرل بننے والے ہرلے نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں رہنے والےآسٹریلوی باشندوں کی تعداد میں تقریباً چار گنا اضافہ ہوا ہے جو 2004 میں 4ہزار کی تعداد سے 2022 میں تقریباً 15ہزارتک پہنچ گئے ہیں۔

آسٹریلیا کے گورنر جنرل عزت مآب شیخ محمد سے ملاقات کے لیے ابوظہبی میں تھے، انہوں نے متحدہ عرب امارات کا صدر منتخب ہونے پرعزت مآب کو مبارکباد دی اور شیخ خلیفہ بن زاید آل نھیان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

آسٹریلیا کے گورنر جنرل ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کے نمائندے ہیں۔ عملی طور پر، وہ آسٹریلیا کے سربراہ مملکت ہیں اور وہ آئینی اور رسمی فرائض انجام دیتے ہیں۔

گورنر جنرل آسٹریلوی ڈیفنس فورس کے کمانڈر انچیف بھی ہیں۔

سی ای پی اے، عوام سے عوام کے تعلقات:

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک جامع اقتصادی شراکت داری کے معاہدے (سی ای پی اے) پر بات چیت کر رہے ہیں۔ طویل مدتی تجارتی تعلق دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند اور ہمارے لیے مستقبل کی تعمیر کے لیے اہم پلیٹ فارم ہو گا۔

ہرلے نے کہا کہ ہم عوام سے عوام کے روابط قائم کرنا جاری رکھیں گے۔

متحدہ عرب امارات میں رہنے اور کام کرنے والے آسٹریلوی بہت اہم عہدوں پر ہیں۔

ان کا خیال ہے کہ عوام سے عوام کے روابط دیگر تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں مدد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں وہ جب بھی متحدہ عرب امارات آئے ہیں انہوں نے ہر دفعہ یہاں کچھ نیا دیکھا یا کسی ایسی چیز کا مشاہدہ کیا کہ جو پہلے ممکنہ طور پر دیکھی ہو لیکن اس کے متعلق پہلی کبھی سوچا نہیں تھا۔میرے لیے سب سے اہم بات یہاں حکومت میں خواتین وزرا کی تعداد ہے جو اپنے شعبوں میں بہت قابل ہیں۔ میرے خیال میں ایک معاشرے کی تشکیل میں یہ ایک اچھی علامت ہے ۔

ڈیفنس چیف سے لے کر گورنر جنرل تک:

گورنر جنرل بننے سے پہلے ڈیوڈ ہرلے ڈیفنس فورس میں ایک ممتاز عہدے پر تھے ۔ بعد ازاں انہوں نے اکتوبر 2014 سے مئی 2019 تک نیو ساؤتھ ویلز کے 38ویں گورنر کے طور پر خدمات انجام دیں۔

ترجمہ۔تنویرملک

http://wam.ae/en/details/1395303049280

WAM/Urdu