ہفتہ 02 جولائی 2022 - 1:12:14 شام

ابوظہبی میں عالمی ادارہ صحت  کی علاقائی سارس کووی 2ورکشاپ کا انعقاد


ابوظہبی، 23 جون، 2022 (وام) ۔۔ ابوظہبی پبلک ہیلتھ سنٹر کے زیر اہتمام خطے کے قومی انفلوئنزا مراکز کے عملے کو سارس کووی 2 وائرس کی جینیاتی ترتیب اور تجزیہ کی تربیت دینے کے لیے دوہفتوں پرمشتمل ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، سارس کووی 2 کووڈ19 کی وبا کاذمہ دار وائرس ہے۔

تربیتی ورکشاپ ابوظہبی ہیلتھ سروسز کمپنی (ایس ای ایچ اے) سے منسلک شیخ خلیفہ میڈیکل سٹی(ایس کے ایم سی) میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)، وزارت صحت (ایم اوایچ)، ابوظہبی پبلک ہیلتھ سنٹر(اے ڈی پی ایچ سی) اور مشرقی بحیرہ روم کے لیے عالمی ادارہ صحت کے علاقائی دفتر(ای ایم آراو) کے تعاون سے منعقد کی گئی،جس میں عراق، شام، یمن، لبنان، افغانستان، لیبیا اور سوڈان کے طبی عملے نے شرکت کی۔

ورکشاپ کے دوران، ایس کے ایم سی کے سینئر ریسرچ سائنٹسٹ، ڈاکٹر فرانسس سیلوراج نے ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر انٹائن ابوفیاداور ڈاکٹر رابح الشيشنی کے ساتھ شرکاء کو وائرس کے ماخذ ، اس کے تغیرات اور نئی اقسام کی شناخت کے لیے سارس کووی 2 کی جینیاتی ترتیب اور ساخت کے منظور شدہ پروٹوکول پر تربیت دی۔

محکمہ صحت اور اے ڈی پی ایچ سی ،ایس کے ایم سی کی سرویلنس لیبارٹری کے ساتھ مل کر2021 کے آغاز سے جینومک سرویلنس پروجیکٹ پر کام کررہے ہیں۔

متعدی امراض کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور متحدہ عرب امارات کے شعبہ صحت کی سرکاری ترجمان ڈاکٹر فريدة الحوسنی کا کہنا ہے کہ ابو ظہبی پبلک ہیلتھ سینٹر نے علاقائی لیبارٹریوں کو ایڈز کی نیکسٹ جنریشن جیناتی ترتیب کی تربیت دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔وائرس کی جینیاتی ساخت کا پتہ لگانا کووڈ19 کی تشخیص اور اس کی تغیرشدہ اقسام کے پھیلاو کو روکنے میں اہم ہے۔

طویل مدت کے لیے، یہ صحت عامہ کے حکام کو محکمہ جاتی ردعمل فیصلے کرنے میں درستگی، افادیت اور کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد دے گا۔ انہوں نے مزید کہاکہ ورکشاپ ایک باہمی تعاون سے کامیاب رہی، اور وہ تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتی ہیں۔

متعدی امراض کے لیے ریفرنس لیبارٹری کے قائم مقام میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر اسٹیفن ویبر نے کہا کہ موجودہ وبا کے لیے وائرس کی جینیاتی ترتیب کی مہارت بہت اہم ہے۔

ورکشاپ کے تمام شرکا کی بڑی ذمہ داری ہے کہ جب وہ اپنے آبائی ممالک میں واپس جائیں تو وہاں ان مہارتوں کوفروغ دینے میں مدد کریں۔ ڈاکٹر سیلوراج نے کہا کہ یہ ورکشاپ وائرس کو سمجھنے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے جسے خطے کے ممالک کو صحت عامہ کے حوالے سے فیصلہ سازی میں مدد ملے گی۔ یہ ورکشاپ ایک شاندار کامیابی تھی ۔

متعدی خطرات سے نمٹنے کی تیاریوں کے یونٹ ہیلتھ ایمرجنسی پروگرام کی ٹیکنیکل آفیسرڈاکٹر امل برکات نے کہا کہ ورکشاپ کا بنیادی مقصد اس چیز کو سمجھنا تھا کہ سارس کووی2 کس طرح پھیلتا اور متاثر کرتا ہے اس دوران وائرس کی ممکنہ تبدیل شدہ اقسام کی نشاندہی کرنے اور نمٹنے کی تربیت بھی دی گئی۔

ورکشاپ کا اہتمام کنسلٹنٹ مائکرو بیالوجسٹ ڈاکٹر برکات ، ڈاکٹر سٹیفن ویبر اور ایس کے ایم سی کی پروجیکٹ کوآرڈینیٹر سحر احمد المرزوقی نے کیا تھا۔

ترجمہ۔تنویرملک

http://wam.ae/en/details/1395303060149

WAM/Urdu