جمعہ 19 اگست 2022 - 2:29:17 صبح

سعودی حکام نے منی میں 10 لاکھ عازمین حج کے لیے انتظامات مکمل کرلیے


منیٰ، 7 جولائی، 2022 (وام) ۔۔ سعودی حکومت کے محکموں اور حج سیزن 2022 کے ذمہ دار اداروں نے آج يوم الترويہ(واٹرنگ) کے موقع پرمنیٰ میں دس لاکھ عازمین حج کی میزبانی کے لیے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق وزارت حج نے رواں سال کے حج سیزن کے لیے اپنا آپریشنل پلان مکمل کر لیا ہے۔ دریں اثنا، حج سیکیورٹی فورسز کے کمانڈز نے دانشمند قیادت کی ہدایت اور خواہشات کے مطابق حج سیزن کے دوران عازمین کی حفاظت اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اپنی تیاریاں مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سعودی محکمہ صحت نے منی میں 550 بستروں اور ایمبولینس سروسزکے ساتھ چار ہسپتالوں اور 26 مراکز صحت کا اہتمام کیا ہے، جس میں 100 چھوٹی ایمبولینسز اور 75 بڑی ایمبولینسیں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ سعودی ہال احمر اتھارٹی کی جانب سے97 ایمبولینس مراکز بھی قائم کیے گئے ہیں جس میں 320 ایمبولینسز، چھ ایئر ایمبولینسز، نو موٹر سائیکلیں اور چار گولف کارٹس کے علاوہ چار میڈیکل سپلائی گاڑیاں اور 16 ریسپانس گاڑیاں ہیں، اس میں طبی عملے کے ارکان کی تعداد 1,288 ہے۔

نیشنل واٹر کمپنی نے اپنے نیٹ ورکس کے ذریعے 2.4 ملین کیوبک میٹر پانی پمپ کرنے کے لیے آپریشنل اور اسٹریٹجک اسٹوریج کی سہولت فراہم کی، جبکہ سعودی الیکٹرسٹی کمپنی نے 46 نئے منصوبوں کے ذریعے مکہ مکرمہ اور مقامات مقدسہ میں اپنی خدمات کو توسیع دی ہے۔

دریں اثنا، سعودی اسکاؤٹس ایسوسی ایشن نے منیٰ میں حاجیوں کی خدمت کے لیے 2,200 اسکاؤٹس فراہم کیے ہیں۔

اس طرح کے رضاکارانہ مشن حجاج کی خدمت کے لیے حکومت اور نجی شعبے کی کوششوں میں مدد کریں گے۔

ترجمہ۔تنویر ملک

https://wam.ae/en/details/1395303064415

WAM/Urdu