بدھ 10 اگست 2022 - 12:08:23 شام

جنوبی کوریا کے پہلے چاند آربیٹرکی لانچنگ کی حتمی تیاریاں جاری


کیپ کینورل، امریکہ /سیول، 4 اگست، 2022 (وام) ۔۔ جنوبی کوریا کے سرکاری ادارے، کوریا ایرو اسپیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (کے آے آر آئی) نے ملک کے پہلے چاند آربیٹر کی لانچنگ سے قبل امریکہ میں حتمی تیاریاں شروع کردی ہیں۔

کوریا پاتھ فائنڈر لونر آربیٹر - دانوری کو امریکی ریاست فلوریڈا کے کیپ کینورل اسپیس فورس اسٹیشن سے اسپیس ایکس فالکن 9 راکٹ سے جمعرات کی شام 7:08 بجے (امریکی مشرقی وقت) جبکہ جمعہ کی صبح 8:08 (کورین وقت)بجے لانچ کیا جائے گا۔ 678 کلو وزنی اس خلائی جہاز کو گزشتہ ماہ امریکی سٹیشن پہنچایا گیا تھا۔ کے اے آر آئی اور وزارت سائنس کے مطابق، دانوی فی الحال فالکن 9 راکٹ کے پے لوڈ فیئرنگ کے اندر ہےاور راکٹ کو لانچنگ پیڈ پر عمودی طور پر کھڑا کردیا گیا ہے۔

حکام نے بتایا کہ دانوری اور راکٹ سے متعلق تمام سسٹمز معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں اور لانچ کے دن اچھے موسم کی توقع ہے۔ ابتدائی طور پر یہ لانچ بدھ کو ہونا تھی لیکن راکٹ کی مینٹیننس کے مسئلے کی وجہ سے اسے دو دن کے لیے ملتوی کر دیا گیاتھا۔ دانوری زمین کے مدار سے باہر سفر کرنے والا جنوبی کوریا کا پہلا خلائی مشن ہے۔

اپنے سال بھر کے مشن کے دوران دانوری چھ آن بورڈ آلات کا استعمال کرتے ہوئے خطوں، مقناطیسی طاقتوں، گاما شعاعوں اور چاند کی سطح کے دیگر خصائص کی پیمائش کرے گا ، جو دسمبر کے آخر میں چاند کے مدار میں ساڑھے چارماہ تک سفر کرنے کے بعد شروع ہوگا ۔

یہ مستقبل کے قمری مشن کے لیے ممکنہ لینڈنگ سائٹس کی نشاندہی بھی کرے گا۔

ترجمہ۔ تنویر ملک

https://wam.ae/en/details/1395303071861

WAM/Urdu