منگل 29 نومبر 2022 - 5:17:07 صبح

شارجہ میں 24 نومبر سے 3 دسمبر تک قومی دن منایا جائے گا

ویڈیو تصویر

شارجہ،21 نومبر، 2022 (وام) ۔۔ شارجہ کے قومی دن کی تقریبات کی کمیٹی کے چیئرمین خالد جاسم المدفاء نے کہا ہےکہ امارت سالانہ قومی دن منانے کی تیاری کر رہا ہے جس میں متحدہ عرب امارات کے شہری، رہائشی اور سیاح شامل ہوں گے۔

اس موقع پر انہوں نے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان، نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد آل مکتوم،سپریم کونسل کے رکن اورشارجہ کے حکمران ڈاکٹر شیخ سلطان بن محمد القاسمی اور سپریم کونسل کے دیگراراکین اور امارات کے حکمرانوں کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات کے شہریوں اور رہائشیوں کو مبارکباد دی۔

امارات نیوز ایجنسی (وام ) کو اپنے بیان میں خالد جاسم المدفاء نے کہا کہ کمیٹی کے زیر اہتمام سالانہ تقریبات میں ہر سال توسیع ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریبات امارات کے تمام شہروں میں منعقد ہو رہی ہیں اور متحدہ عرب امارات کی شناخت، تاریخ، ثقافت اور لوک داستانوں کے بارے میں اہم معلومات کی نمائش کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریبات 24 نومبر سے 3 دسمبر تک منعقد ہوں گی۔ تقریبات ملیحہ میں شروع ہوں گی اور مرکزی شہروں، مشرقی علاقے اور الحمریہ تک جاری رہیں گی ۔ تقریبات شارجہ نیشنل پارک میں اختتام پذیر ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی ترتیب وار بنیادوں پر تقریبات منعقد کرنے کی خواہشمند ہے تاکہ عوام اس میں شرکت کر سکیں۔ پہلا میوزیکل شو 26 نومبر کو المجاز ایمفی تھیٹر میں ہوگا جس میں معروف فنکار لطیفہ اور بلقیس شرکت کریں گے جبکہ دوسرا شو 3 دسمبر کو خور فکان ایمفی تھیٹر میں ہوگا جس میں اماراتی فنکاروں عیدا المنھالی اور ڈیانا حداد کی شرکت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس تقریب کی آمدنی شارجہ میں بگ ہارٹ فاؤنڈیشن کے لیے وقف کی جائے گی۔

شارجہ انٹرنیشنل میرین اسپورٹس کلب پروڈکٹیو فیملیز نمائش کے علاوہ امارات کے تمام ساحلی شہروں کے ساتھ سمندری سرگرمیوں کا اہتمام کرکے تقریبات میں شرکت کرے گا۔ المدفاء نے مزید کہا کہ شارجہ کے سرکاری محکمے شارجہ نیشنل پارک میں ہونے والی تقریبات میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا تمام شہری اور رہائشی تقریبات کے اوقات اور مقامات کے بارے میں جاننے کے لیے کمیٹی کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس دیکھیں۔

ترجمہ: ریاض خان ۔

https://wam.ae/en/details/1395303104162

Maryam