منگل 21 مارچ 2023 - 11:54:11 شام

منصوربن محمدنےدبئی کے کھیلوں کےشعبےکوترقی دینے کیلئے10سالہ حکمت عملی کی منظوری دی


دبئی، یکم فروری، 2023 (وام) ۔۔ دبئی اسپورٹس کونسل کے چیئرمین شیخ منصور بن محمد المکتوم نے 2023 میں کونسل کے پہلے اجلاس کی قیادت کی اور کھیلوں کے شعبے کی ترقی کے لیے 2033 -2023کی حکمت عملی کی منظوری دی۔ شیخ منصور نے متحدہ عرب امارات کی قیادت کے وژن اور صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایات کے مطابق کھیلوں کے شعبے میں پائیداری کے حصول کے لیے اقدامات کو نافذ کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا جنہوں نے 2023 کو ’پائیداری کا سال‘ قرار دیا ہے۔ شیخ منصور نے کہا کہ یہ اعلان متحدہ عرب امارات کی قیادت کی پائیداری پر مبنی اقدامات کو نافذ کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے جو آنے والی نسلوں کے لیے بہتر کل کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم صدر مملکت کی ہدایات کے مطابق کھیلوں کے شعبے میں پائیداری کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ کونسل کے ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ اجلاس میں دبئی اسپورٹس کونسل کے وائس چیئرمین مطر محمد الطائر، دبئی پولیس کے کمانڈر انچیف اور کونسل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن لیفٹیننٹ جنرل عبداللہ خلیفہ المری اور بورڈ ارکان ہالہ بدری، سمیع القمزی، معاذ المری، کونسل کے سیکریٹری جنرل سعید حریب اور اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل کونسل ناصر امان الرحمہ نے شرکت کی۔ شیخ منصور نے کہا کہ 2023 میں کئی ایسے اقدامات شروع کیے جائیں گے جو اس شعبے کی کارکردگی اور شہر کے جی ڈی پی میں اس کے تعاون کو بہتر بنائیں گے۔ یہ اقدامات عالمی کھیلوں کے مقابلوں، ٹورنامنٹس اور تربیتی کیمپوں کے لیے ایک اہم مقام کے طور پر دبئی کی حیثیت کو بھی تقویت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سال رواں سال 2022 کی کامیابی پر استوار ہوگا جس میں دبئی سپر کپ اور ورلڈ ٹینس لیگ سمیت متعدد عالمی ٹورنامنٹس کا آغاز ہوا۔ اجلاس کے دوران انہوں نے دبئی میں سالانہ کھیلوں کے مقابلوں کی تعداد کو 500 تک بڑھانے کی ہدایت بھی جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم کی رہنمائی کے مطابق اس تعداد کو بتدریج بڑھا کر سالانہ 1000 ایونٹس تک کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کونسل کی جانب سے اعلان کردہ نئی 2033 -2023حکمت عملی عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم کے وژن اور دبئی اکنامک ایجنڈا (D33) کے مقاصد کو پورا کرنے میں کھیلوں کے شعبے کے کردار کو بڑھانے کی کوشش کرے گی۔ انکا کہنا تھا کہ حکمت عملی دبئی کے پروفائل کو کھیلوں کی عالمی منزل اور ٹیلنٹ کو راغب کرنے کے مرکز کے طور پر ابھارنے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔ شیخ منصور نے کہا کہ اس حکمت عملی کے کلیدی مقاصد میں دبئی کے جی ڈی پی میں کھیلوں کے شعبے کے شراکت کو 2فیصد سے بڑھا کر 4فیصد سالانہ کرنا، 3,000 مقامی، علاقائی اور بین الاقوامی ایونٹس کا انعقاد اور 1,000 بین الاقوامی تربیتی کیمپوں کی میزبانی کرنا شامل ہے۔ اس حکمت عملی کا مقصد نجی شعبے کے ساتھ شراکت داری میں کھیلوں کے مقابلوں کا تناسب 90 فیصد تک بڑھانا ہے۔ شیخ منصور نے نالج اینڈ ہیومن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ایچ ڈی اے) اور دبئی ہیلتھ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کے ساتھ مل کر کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے مراعات تیار کرنے کے ساتھ ساتھ ایسے سکولوں کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے ایک ایوارڈ شروع کرنے کی ہدایت بھی جاری کی جنہوں نے کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ اجلاس میں ایتھلیٹس کو دبئی کے کلبوں کی طرف راغب کرنے کی پالیسیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ایسے ایونٹس اور ٹورنامنٹس کے شیڈول کا جائزہ لیا گیا جن کی میزبانی دبئی 2023 میں کرے گا۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ https://wam.ae/en/details/1395303124262