محمدبن راشدکی شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے50ملین درہم کی فوری انسانی امدادروانہ کرنےکی ہدایت

دبئی،6 فروری، 2023 (وام) ۔۔ نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم نے برادر شامی عوام کے لیے 50 ملین درہم مالیت کی فوری انسانی امداد روانہ کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ انتہائی تباہ کن زلزلے سے متاثرہ افراد کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ نائب صدرنے اس بات کا اعادہ کیا کہ متحدہ عرب امارات شامی بھائیوں پر آنے والی اس عظیم آفت کا سامنا کرنے کے لیے ان کی مدد کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات شامی عوام کے ساتھ اسوقت تک شانہ بشانہ کھڑا رہے گا جب تک وہ اس آزمائش پر قابو نہیں پا لیتے۔ یہ امداد راشن پارسل کی شکل میں محمد بن راشد المکتوم گلوبل انیشیٹوز کے ذریعے برادر ملک شام میں سب سے زیادہ متاثرہ ان علاقوں کے لوگوں تک پہنچائی جائے گی جو پیر کے روز علی الصبح آنے والے زلزلے کے سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ اپنے قیام کے بعد سے متحدہ عرب امارات انسانی اور ترقیاتی امداد کو اپنے خارجہ تعلقات کا لازمی حصہ بنانے کا خواہاں ہے اور برسوں سے متحدہ عرب امارات سرکاری ترقیاتی امداد کے شعبے میں سب سے بڑے عطیہ دہندگان کی فہرست میں سرفہرست ہے۔ برادر شامی عوام کے لیے فوری انسانی امداد ’’50 کے اصول‘‘ کے نویں اصول کے مطابق ہے ہے جس میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی غیر ملکی انسانی امداد مصیبت سے گھرے لوگوں کے لیے اس کے وژن اور اخلاقی فرض کا ایک لازمی حصہ ہے اور غیر ملکی انسانی امداد کا مذہب، نسل، رنگ یا ثقافت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ https://wam.ae/en/details/1395303125713