متحدہ عرب امارات کے 22 امدادی طیاروں نے زلزلہ متاثرین کے لیے 640 ٹن امدادی سامان شام اور ترکیہ پہنچادیا

ابوظہبی، 9 فروری، 2023 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات کی جانب سے شام اور ترکیہ میں زلزلے سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے "گیلنٹ نائٹ/2" امدادی آپریشن کے تحت 640 ٹن امدادی سامان ہوائی جہازوں کے ذریعے پہنچایا گیا ہے۔ فضائی امدادی پل کے ذریعے 22 پروازوں میں سے7 پروازیں اشیائے خوردونوش پر مشتمل امداد اور 515 خیمے لے کر شام پہنچیں۔علاوہ زیں، ریسکیو اور سرچ ٹیموں کو لے جانے کے لیے ترکیہ کے لیے 15 پروازیں چلائی گئی ہیں، جن کے ذریعے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹس، آپریشن تھیٹرز، انتہائی نگہداشت یونٹ، آؤٹ پیشنٹ کلینکس، ان پیشنٹ وارڈز، ایک لیبارٹری، فارمیسی، ایکسرے اور سی ٹی سروسز سے لیس 50 بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال ترکی پہنچایا گیا۔
ہسپتال میں آرتھوپیڈکس، جنرل سرجری، اینستھیزیا، انتہائی نگہداشت اور مختلف طبی خصوصیات سے تعلق رکھنے والے تکنیکی ماہرین کی طبی ٹیمیں تعینات ہیں۔ یہ آپریشن متحدہ عرب امارات کی قیادت کی ہدایت پر شام اور ترکیہ میں زلزلے سے متاثرہ لوگوں کو مدد فراہم کرنے کے لیے شروع کیا گیا تھا۔
ترجمہ۔تنویرملک