جمعہ 24 مارچ 2023 - 2:31:49 شام

متحدہ عرب امارات کی صومالیہ میں خشک سالی سے متاثرہ افراد کو امداد کی فراہمی


موغادیشو، 16 مارچ، 2023(وام) ۔۔ موغادیشو میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے نے خلیفہ بن زاید النہیان فاؤنڈیشن کی طرف سے فراہم کردہ امدادی سامان صومالی حکومت کے حوالے کر دیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کے ناظم الامور سیف علی الراشش، صومالیہ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے چیئرمین محمد معلم اور موغادیشو کے ڈپٹی میئر برائے سماجی امور عبدالعزیز عثمان اور صومالیہ کی قومی خشک سالی سے متعلق کمیٹی کے اراکین کی موجودگی میں موغادیشو کی بندرگاہ پر کل 193 ٹن امدادی سامان پہنچایا گیا۔

امدادی سامان دارالحکومت موغادیشو میں متاثرہ خاندانوں اور اندرونی طور پر بے گھر ہونے والے افراد (آئی ڈی پیز) میں تقسیم کیا جائے گا جس میں ارد گرد کے علاقوں میں آئی ڈی پی کیمپوں پر توجہ دی جائے گی۔

صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایت پر صومالیہ میں شدید خشک سالی سے متاثرہ افراد کو امداد فراہم کرنے کے لیے یہ امداد متحدہ عرب امارات کے انسانی اور خیراتی اداروں کی کوششوں کا حصہ ہے۔

صومالیہ کے لیے اشیائے خوردونوش لے جانے والے کئی بحری جہاز موغادیشو اور کسمایو (جوبالینڈ کا علاقہ)، بوساسو (پنٹ لینڈ کا علاقہ) اور بربیرا (صومالی لینڈ کا علاقہ) کی بندرگاہوں پر پہنچ چکے ہیں۔

امداد کی فراہمی کی تقریب میں شریک صومالی حکام نے امداد کی فراہمی کے ذریعے خشک سالی اور پانی کی کمی سے نمٹنے میں صومالی عوام کی مسلسل حمایت پر متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ متحدہ عرب امارات نے موجودہ انسانی بحران کے آغاز سے ہی صومالیہ کی مدد کی ہے۔

گزشتہ چار سالوں میں بارشوں کی کمی کے بعد خشک سالی کی وجہ سے صومالیہ میں قحط سالی کا سامنا ہے۔ متحدہ عرب امارات متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی مدد جاری رکھے ہوئے ہے اورامید ہے کہ ہلال احمر امارات کا ایک اور امدادی جہاز ہزاروں ٹن امدادی سامان لے کر پہنچے گا۔

ترجمہ: ریاض خان ۔

https://wam.ae/en/details/1395303139750

Maryam