پیر 21 ستمبر 2020 - 11:25:10 شام

 ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ،عرب امارات میں کوالیفائنگ مقابلوں میں چودہ ممالک کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی


ابوظہبی، 12 اکتوبر ، 2019 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات سمیت چودہ ممالک کی کرکٹ ٹیمیں رواں ماہ ابوظہبی اور دبئی میں آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ دوہزار انیس کوالیفائر مقابلوں میں مدمقابل ہوں گی ۔کامیاب ٹیمیں آسٹریلیا میں آئی سی سی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ دوہزار بیس میں شرکت کریں گی ۔ مقابلے کے پہلے مرحلے کا آغاز فروری دوہزار اٹھارہ میں ہوا تھا ، جس میں آئی سی سی کے اکسٹھ ایسوسی ایٹ ممبروں کی ٹیموں نے حصہ لیا ۔ ان میں سے پچیس ٹیمیں رواں سال کے شروع میں علاقائی فائنل اورسات ٹیمیں کوالیفائرمرحلے میں پہنچیں ہیں یہ مقابلے اٹھارہ اکتوبر سے دو نومبر تک جاری رہیں گے۔ ان ٹیموں میں دوہزار پندرہ کے کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کی چھ ٹیمیں شامل ہوئیں جو گذشتہ سال کے آخر میں آئی سی سی ٹی ٹونٹی چیمپین شپ میں سرفہرست دس ممالک سے باہرکی درجہ بندی میں تھیں جبکہ متحدہ عرب امارات نے ٹورنامنٹ کے میزبان کی حیثیت سے اپنی جگہ بنائی ۔ کوالیفائیر مقابلوں کی چھ ٹاپ ٹیمیں دوہزار بیس کے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے گروپ مرحلے میں سری لنکا اور بنگلہ دیش کے ساتھ شامل ہوں گی اور پہلے سے کوالیفائی کرنے والے ممالک پاکستان، بھارت، انگلینڈ ، آسٹریلیا ، جنوبی افریقہ ، نیوزی لینڈ ، ویسٹ انڈیز اور افغانستان کے خلاف آخری مرحلے میں جگہ بنانے کے لئے مقابلہ کریں گی۔ متحدہ عرب امارات میں ان کوالیفائنگ مقابلوں میں شریک ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اسکاٹ لینڈ ، نیدرلینڈز ، پاپوا نیو گنی ، نمیبیا ، سنگاپور ، کینیا اور برمودا گروپ اے میں ہیں جبکہ گروپ بی میں متحدہ عرب امارات کے ساتھ عمان ، آئرلینڈ ، جرسی ، ہانگ کانگ ، کینیڈا اور نائیجیریا شامل ہیں۔پلے آف ، سیمی فائنلز اور فائنل مقابلے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہوں گے امارات کرکٹ بورڈ نے کپتان محمد نوید کے ساتھ عرب امارات کی ٹیم کا اعلان گزشتہ ماہ کیا تھا۔ ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے بورڈ ممبر اور چیف سلیکٹرولید بوخاطر کا کہنا تھاکہ " ٹورنامنٹ میں ہمارا ہدف اپنے پول میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے سرفہرست رہنا ہے اور آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ دوہزار بیس کے لئے براہ راست کوالیفائی کرنا ہے"۔ بوخاطر نے مزید کہا کہ"امارات کرکٹ بورڈ ، آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کوالیفائرز مقابلوں کی میزبانی کو اپنے لئے فخر کا باعث سمجھتا ہے۔ ہم عرب امارات میں کرکٹ کھیلنے والے چودہ ممالک کی آمد پرخوش ہیں"۔ ترجمہ۔تنویرملک http://www.wam.ae/en/details/1395302794142

WAM/Urdu