اوپیک کیساتھ تعاون زیر غور نہیں ہے: امریکی اسسٹنٹ سیکریٹری توانائی


ابوظبی، 12 نومبر ، 2019 (وہام) ۔۔ امریکی محکمہ خارجہ میں توانائی کے وسائل کے بیورو کے لئے امریکی اسسٹنٹ سیکریٹری فرانسس آر فینن نے کہا ہے کہ تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک اور امریکہ کے درمیان تعاون زیر غور نہیں ہے۔ امارات نیوز ایجنسی، وام کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں فینن نے کہا کہ اس سطح پر توانائی کی مارکیٹ پر امریکی موجودگی سے صورتحال بدل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت توانائی کی صورتحال پر کنٹرول نہیں رکھتی ہے۔ یہ خریدار اور بیچنے والے پر منحصر ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم طے نہیں کرتے کہ توانائی کی صورتحال کس طرف جاتی ہے اور یہ کمپنی اور ملک پر منحصر ہے۔ فینن نے کہا کہ انھوں نے دنیا بھر کے وزراء سے اپنی بات چیت کے دوران یہ بات محسوس کی کہ توانائی کے تجارتی تعلقات اور توانائی کی حفاظت کی خاطرصارفین کے لئے کم لاگت کے نئے مواقع پیدا کرنا بہت اچھا ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ ابھرتی ہوئی بین الاقوامی توانائی مارکیٹوں کی بنیاد پر مشترکہ ترقی اور نمو کے لئے نئے علاقائی تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ مشرق وسطی اسٹریٹجک الائنس، MESA کی پیشرفت پر امریکی عہدیدار نے شراکت داری سے زیادہ سے فوائد حاصل کرنے کے لئے الائنس کے ذریعے حاصل شدہ کامیابی کو آگے بڑھانے کے لئے وسیع تر مواقع پیدا کرنے کی غرض سے پورے خطے میں باہمی تعاون کیلئے امریکہ کی خواہش کا اظہار کیا۔ فینن نے کہا ابو ظبی انٹرنیشنل پٹرولیم نمائش اور کانفرنس، اے ڈی آئی پی ای سی میں انکی موجودگی اس خطے کے لئے امریکی عزم کی عکاس ہے۔ انھوں نے کہاکہ یہ سیاسی سلامتی کو یقینی بنانے میں توانائی کے کردار کا اعترا ف ہے۔ انہوں نے کہا کہ خلیج تعاون کونسل ، جی سی سی ممالک توانائی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے لئے بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ خطے میں اسی طرح کی شراکت داری کو آسان بنانے اور جی سی سی ملکوں کے ساتھ ساتھ اردن کے ساتھ زیادہ سے زیادہ تعاون کرنے کے وسیع مواقع کا منتظر ہے۔ امریکی اسسٹنٹ سیکریٹری فرانسس آر فینن نے 2 نومبرسے 9 نومبر تک افریقی ممالک جنوبی افریقہ، نمیبیا اور بوٹسوانا کا دورہ کیا تاکہ انکے ساتھ باہمی فائدہ مند تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع پر مبنی توانائی کی شراکت داری کے امریکی نقطہ نظر سے آگاہ کرسکیں۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ http://www.wam.ae/en/details/1395302802201

WAM/Urdu