ڈی پی ورلڈ ، نمیبیا میں صنعت و لاجسٹسکس کا فری اکنامک زون قائم کرے گی


دبئی ، 13 نومبر ، 2019 (وام) ۔۔ عالمی تجارتی ادارے ڈی پی ورلڈ نے نیمبیا کے نارا نمیب فری اکنامک انڈسٹریل زون کے ساتھ منگل کو ایک ایم او یو پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت نمیبیا کو جنوبی افریقہ میں تجارت کا مرکز بنانے کیلئے خلیج والفیس میں صنعت اور لاجسٹکس کیلئے فری اکنامک زون قائم کیا جائے گا – اس اکنامک زون کی تعمیر سے نمیبیا کو صنعتی آپریشنز اور لاجسٹکس میں مرکزیت ملنے کے ساتھ وہاں زراعت ، ماہی گیری ، آٹوموٹو ، کان کنی جیسے کئی شعبوں میں روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہونگے ۔ خلیج والفیس میں اس سہولت کےقیام سے وہاں کاروبار کیلئے تیار زمین ، پہلے سے تعمیر ویئرہاؤسز اور دفتری مقامات دستیاب ہونگے – اس کے پہلے مرحلے میں 50 ہیکٹرز اراضی پر یہ زون تعمیر ہوگا جس میں مستقبل کیلئے 1500 ہیکٹرز کی توسیع لانے کی گنجائش بھی رکھی جائے گی ۔

فریقین نے اسکی تعمیر کا معاہدہ 2020 کی دوسری سہہ ماہی میں طے کرلینے کا فیصلہ بھی کیا ہے ۔ تخمینے کے مطابق 50 ہیکٹر اراضی کی اس ترقی سے وہاں 3 ہزار ملازمت کے مواقع اور 237 ملین ڈالر سرمایہ کاری ہونے کا اندازہ ہے جبکہ مزید 1500 ہیکٹرز کی توسیع سے وہاں 7ء1 ارب ڈالر کی مزید سرمایہ کاری اور 20 ہزار ملازمتیں پیدا ہونگیں –

اس فری زون کے قیام سے نمیبیا کو انگولا ، عوامی جمہوریہ کانگو ، زیمبیا ، زمبابوے ، بوٹسوانا ، ملاوی اور جنوبی افریقہ کی منڈیوں تک تجارتی رسائی حاصل ہوگی ۔ جنوبی افریقا کی ترقیاتی راہداری میں نمیبیا کو ایک اہم ترین مقام حاصل ہے ۔ ایم او یو کے مطابق فری زون کے قیام ، تجارتی سہولیات کی فراہمی میں ڈی پی ورلڈ کو عالمی شہرت اور مہارت حاصل ہے جسے وہ اس اکنامک زون کے قیام میں استعمال میں لائے گی ۔ دنیا کے 46 ممالک میں ڈی پی ورلڈ کے 150 آپریشنز کا نیٹ ورک موجود ہے – ڈی پی ورلڈ کے ایم ڈی سھیل البناء نے اس اشتراک عمل پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے نمیبیا میں ترقی کے نئے دور کا پیشہ خیمہ تصور کیا ہے ۔ نارا نمیب کے اندرے اولیور نے اس ایم او یو کے طے پانے کو اقتصادی ترقی کیلئے نمیبیا کے دیرینہ خواب کو شرمندہ تعمبیر بنانے کی جانب ایک اہم پیشرفت قرار دیا ہے ۔

ترجمہ ۔ تنویر ملک –

http://wam.ae/en/details/1395302802331

WAM/Urdu