شارجہ پولیس اور امریکی حقوق دانش کے ادارے میں تعاون بڑھانے پر غور


شارجہ، 7 دسمبر ، 2019 (وام) ۔۔ شارجہ پولیس کے محکمہ فوجداری تحقیقات کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر ابراہیم مصباح العاجل نے اپنے محکمے اور امریکہ کی حقوق دانش کے مشرق وسطی اور شمالی افریقہ کے علاقے کے لئے اتاشی کے ساتھ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے خطے کے لئے امریکی حقوق دانش کے اتاشی پیٹر مہرواری اور دونوں اطراف کے متعدد افسروں اور ماہرین نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد مشترکہ مفاد کے مختلف موضوعات پر تعاون اور کوآرڈنیشن کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ بریگیڈیئر العاجل نے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے اور تجربات اور معلومات کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے تجارتی دھوکہ دہی، جعلی سامان کی کھوج، شکایات موصول کرنے کے طریقہ کار اور حقوق دانش کے تحفظ کیلئے شارجہ پولیس کی طرف سے کی جانے والی کوششوں اور معاشی ترقی کے محکمے کے ساتھ تعاون کے بارے میں آگاہ کیا۔ اجلاس میں صارفین، کمپنیوں، اداروں اور کاروباری اداروں میں شعور بیدار کرنے اور جعلی سامان اور مصنوعات کی گردش کے نتیجے میں پیدا ہونے والے خطرات سے آگاہی کے طریقوں پر غور کیا گیا۔ مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے خطے کے لئے امریکی حقوق دانش کے اتاشی پیٹر مہرواری نے ملک میں کام کرنے والی امریکی کمپنیوں کے ساتھ بات چیت کے لئے دونوں فریقوں کے مابین تعاون کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ انھوں نے شارجہ پولیس، شارجہ معاشی ترقی کے محکمے اور اس شعبے میں مختلف ایجنسیوں کی کوششوں کی تعریف کی۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ http://www.wam.ae/en/details/1395302808667

WAM/Urdu