پیر 28 ستمبر 2020 - 12:24:11 صبح

دبئی کی سپورٹس کونسل اور پولیس کا کھیلوں میں شائقین کی واپسی کیلئے فورم کا انتظام


دبئی ، 1 جون ، 2020 (وام) ۔۔ دبئی سپورٹس کونسل ، دبئی پولیس کے تعاون سے ایک فورم منعقد کرنے جارہی ہے تاکہ اس امر پر بحث و غور کیا جاسکے کہ جب آنے والے عرصہ میں مقابلے بحال ہوں تو دبئی میں کھیلوں کے مواقع پر شائقین کی محفوظ واپسی کو یقینی بنانے کے کیا احتیاطی و حفاظتی اقدامات کیئے جائیں – ' مسرت کیلئے آپ کا عزم ' کے عنوان سے ہونے والا یہ فورم جون کے دوسرے ہفتے میں منعقد ہوگا جس میں دبئی کے ہر شعبہ کھیل کے متعلقہ فریقین ورچوئل شرکت کریں گے ۔ ان میں دبئی سپورٹس کونسل اور دبئی پولیس کے حکام بھی شامل ہوں گے جبکہ مقامی اور نجی کلبز اور مختلف کھیل فیڈریشنز کے عہدیدار بھی شرکت کریں گے – اس فورم کا انعقاد اس تعاون کے سلسلے کا حصہ ہے جو دبئی سپورٹس کونسل اور دبئی پولیس کے درمیان جاری رہتا ہے اور ایسی ہی تعاون کے تحت 2019 میں شائقین کھیل کیلئے فورم کا انعقاد کیا گیا تھا – اس فورم کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے کونسل کے سیکریٹری جنرل سعید حارب کا کہنا تھا کہ دبئی میں کھیلوں کی بحالی کی جانب پیشرفت قابل مسرت لمحہ ہے اور اس تمام تر عمل میں اتھلیٹس کی حفاظت کو بھی مدنظر رکھا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ان کی کونسل نے دبئی پولیس کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری قائم کررکھی ہے تاکہ کھیلوں کی بحالی ہو اور اس کے شائقین واپس آسکیں ، اس تمام تر عمل میں شائقین کی حفاظت کے ساتھ کھلاڑیوں کی حفاظت کو بھی یقینی بنایا جائے گا اور ایسے تمام اقدامات کو دبئی کی سپریم کمیٹی کی ہدایات کے عین مطابق مرتب کیا جائے گا – انہوں نے کہاکہ ہمارا مقصد مقامی فٹ بال لیگ کی ہی واپسی نہیں بلکہ کھیلوں کے کئی شعبوں میں ایسی بحالی مقصود ہے جس میں نجی شعبہ بھی شامل ہے ، آنے والے دنوں میں کئی ایونٹس کا اعلان کیا جائے گا – ترجمہ ۔ تنویر ملک http://www.wam.ae/en/details/1395302845725

WAM/Urdu