پیر 28 ستمبر 2020 - 1:22:38 صبح

دبئی سپورٹس کونسل کا کھیل اکیڈیمیز اور کوچنگ کلینکس کی بحالی کا اعلان


دبئی ، 14 جون ، 2020 (وام) ۔۔ دبئی سپورٹس کونسل نے دبئی کے نجی تعلیمی اداروں کی سپورٹس اکیڈیمیز اور کوچنگ کلینکس کو کاروباری مقاصد کیلئے بحال کرنے کا اعلان کردیا – کونسل کی طرف سے جاری بیان کے مطابق انہیں سرگرمیوں کی بحالی اس شرط پر دی گئی ہے کہ وہ کووڈ 19 سے بچاؤ کے ان حفاظتی معیار اور اقدامات کی سختی سے پیروی کریں گے جو کہ دبئی کی سپریم کمیٹی برائے کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور دیگر متعلقہ حکام نے طے کررکھے ہیں – نجی تعلیمی اداروں کی کھیل سہولیات کی فہرست میں کرکٹ ، فٹبال کے میدان ، ٹینس ، والی بال ، باسکٹ بال کے کورٹس ، دوڑنے کے ٹریکس ، ان ڈور کھیلوں کے ہالز ، فٹنس مراکز اور سوئمنگ پول شامل ہیں – کونسل کا کہنا ہے کہ ان اکیڈیمیز کو دیگر حفاظتی اقدامات کے ساتھ اپنی جگہوں کو جراثیم سے پاک بنانے کو بھی یقینی بنانا ہوگا ، اس میں ان جگہوں کی باقاعدگی سے صفائی ستھرائی اور وہاں سماجی فاصلے کو ہروقت یقینی بنانا ہوگا – ان مقامات پر آنے والوں کیلئے عمر کی حد مقرر کی گئی ہے اور بارہ سال سے کم عمر والے اور ساٹھ سال سے زائد عمر کے افراد کو وہاں آنے کی اجازت نہیں ہوگی – کونسل نے کہا ہے کہ ایسی اکیڈٰیمیز جو سرگرمیاں بحال کرنا چاہتی ہوں وہ سب سے پہلے ڈی ایس سی سے منظوری لیں ، کونسل کی ایک ٹیم ان جگہوں کا معائینہ کرکے وہاں حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائے گی – بیان میں کہا گیا ہے کہ ان اکیڈٰیمیز کی بحالی کا سلسلہ ، کووڈ 19 کی وجہ سے بند ہونے والی کھیل سرگرمیوں کی بتدریج بحالی کے تحت کیا جارہا ہے اور اس کی منظوری دبئی کی سپریم کمیٹی برائے کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی طرف سے لی گئی ہے – ترجمہ ۔ تنویر ملک – http://www.wam.ae/en/details/1395302848618

WAM/Urdu