ہفتہ 26 ستمبر 2020 - 4:06:31 صبح

عبداللہ بن زایدکابین الاقوامی مقابلوں میں قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی پر زور


ابوظبی، 14 جولائی ،2020 (وام) ۔۔ امور خارجہ اور بین الاقوامی تعاون کے وزیر شیخ عبد اللہ بن زاید آل نھیان نے متحدہ عرب امارات کے کھیلوں کے شعبے، میڈیا اور عام لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی اور علاقائی مقابلوں میں اماراتی قومی ٹیموں کی بھرپورحوصلہ افزائی کریں۔ متحدہ عرب امارات کے ایف اے ریٹریٹ میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے براہ راست نشر ہونے والی اپنی کلیدی تقریر میں شیخ عبداللہ نے اس بات پر زور دیا کہ متحدہ عرب امارات کی قومی ٹیم ملک کی ایک اہم علامت ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں شائقین، اسپورٹنگ کلب اور میڈیا اداروں کی حیثیت سے اپنی قومی ٹیم کو سپورٹ کرنا اور فٹ بال ایسوسی ایشن کے لئے ضروری مدد فراہم کرنا ہے۔ شیخ عبداللہ نے قومی کھیلوں کے اداروں جیسے متحدہ عرب امارات کی اولمپک کمیٹی، جنرل اتھارٹی برائے کھیل، کونسلوں، انجمنوں اور کلبوں کے مابین مستقل رابطے اور مشاورت کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ فٹ بال کے بہتر مستقبل کے لئے سب کو مل کر کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے اس اہم موقع پر تقریر کا موقع دینے پر متحدہ عرب امارات کی فٹ بال ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ راشد بن حمید النعیمی کا شکریہ ادا کیا اور ایسوسی ایشن کے ارکان کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ وہ اس ریٹریٹ کے نتائج اماراتی فٹ بال کو بہتر بنانے کے مقصد سے ایک جدید حکمت عملی تیار کرنے کے لئے بروئے کار لائیں گے۔انھوں نے متحدہ عرب امارات فٹ بال ایسوسی ایشن کی مستقل حمایت پر فیفا کی کاوشوں کو سراہا۔ شیخ عبداللہ نے کہا کہ دنیا کورونا وائرس وباء کی وجہ سے پیدا ہونے والے بحران کا سامنا کر رہی ہے جس کی وجہ سے تمام ممالک کو اپنی ترجیحات اور فیصلوں پر نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے فیفا کی طرف سے کرونا بحران کے خاتمے تک تمام مقابلوں کو ملتوی کرنے کے مطالبے کے جواب میں متحدہ عرب امارات کی فٹ بال ایسوسی ایشن کے کامیاب فیصلوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے فیفا کے صدر کے اس قول کاحوالہ دیا جس میں انھوں نے کہا کہ ترجیحات کے لحاظ سے فٹ بال دوسرے نمبر پر آتی ہے جبکہ کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا پہلی ترجیح ہے۔ انھوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اگلے سال یونین کے قیام کی 50 ویں سالگرہ منانے کی تیاریاں کررہا ہےاور اس میں اماراتی فٹ بال کی سطح کو بہتر بنانے اور علاقائی اور بین الاقوامی مثال قائم کرنے کے لئے تعاون کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات فٹ بال ایسوسی ایشن کے سربراہ کی حیثیت سے وہ یہ کہہ سکتے ہیں کہ اماراتی فٹ بال کو متعدد چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا لیکن کلبوں، عہدیداروں اور کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ہر ایک کی مدد اور ملکی قیادت کی قریبی نگرانی کے ذریعے اماراتی فٹ بال مجموعی طور پر پیشرفت کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم اس سلسلے میں مزید کامیابیوں کے منتظر ہیں۔ شیخ عبداللہ نے کہا کہ سفارتی محاذ پر خارجہ امور اور بین الاقوامی تعاون کی وزارت اور بیرون ملک اماراتی مشن بین الاقوامی تقاریب کے دوران ایسوسی ایشن ، اسپورٹس کونسلز اور کلبوں کی حمایت کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ کلبوں کو وزارت کو ایسی تجاویز اور سفارشات فراہم کرنے کی ترغیب دیتے ہیں جن سے ملک کی کھیلوں کی سفارت کاری کو تقویت ملے۔ انھو ں نے کھیلوں بالخصوص مقامی، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر فٹ بال کی اہمیت کے ساتھ ساتھ لوگوں کو متحد کرنے اور ملک اور اس کی ثقافت کو دنیا بھر میں فروغ دینے میں ان کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ متحدہ عرب امارات کی فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر شیخ راشد بن حمید النعمیمی نے شیخ عبداللہ بن زاید آل نھیان کا متحدہ عرب امارات کی قیادت کی طرف سے فراہم کردہ حمایت اور کھیلوں سے متعلق اداروں اور افراد کی مستقل حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کھیلوں کی کارکردگی مزید بہتر بنانے اور متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کیلئے مزید سخت محنت اور تندہی سے کام جاری رکھنے کا عزم کیا ۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ http://wam.ae/en/details/1395302855123

WAM/Urdu