جمعرات 06 مئی 2021 - 11:48:52 شام

وزیرصحت سےمتعددوزراءخارجہ،سفیروں کی ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال


دبئی، 3 مئی، 2021 (وام) ۔۔ وزیر صحت ڈاکٹر عبدالرحمٰن بن محمد بن ناصر الاویس سے متعدد وزرائے خارجہ اور غیرملکی سفیروں نے ورچول اور فزیکل طور پر ملاقاتیں کیں اور صحت کے شعبے میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان ملاقاتوں میں تعاون بڑھانے، صحت کے شعبوں میں مہارت اور تجربے کے تبادلے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور متحدہ عرب امارات کی COVID-19 سے نمٹنے کے لئے بین الاقوامی کوششوں کی حمایت کرنے، محفوظ اور علاج معالجے اور ویکسین کی موثر فراہمی کے لئے اہم کردار ادا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات ویکسین تک مناسب اور یکساں رسائی، بحالی کے عمل کو تیز کرنےاور صحت کی پائیدار دیکھ بھال میں ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔ متحدہ عرب امارات میں ایسٹونیا کے سفیر جان رین ہولڈ سے ملاقات میں عالمی ادارہ صحت کے منصوبے اور دیگر عالمی شراکت داروں کے تحت صحت سے متعلق ڈیٹا کو سنبھالنے میں تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیاتاکہ ویکسی نیشن مہم کے انتظام کے لئے عالمی اور قابل اعتماد حل نکالا جاسکے۔ ایک اور ملاقات میں وزیر صحت ڈاکٹر عبدالرحمٰن بن محمد بن ناصر الاویس نے متحدہ عرب امارات میں کوسوو کے سفیر اونی عارفی کے ساتھ صحت کی دیکھ بھال میں دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ موزمبیق کے وزیر صحت آرمنڈو ڈینیل ٹیاگو نے وزیر صحت کے ساتھ ٹیلی فون پر COVID-19 ویکسین کے حوالے سے تجربات کا تبادلہ کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ موزمبیق کے وزیر نے وبائی امراض کے پھیلاؤ اور قومی ویکسی نیشن پروگرام میں متحدہ عرب امارات کے تجربے سے استفادہ کرنے میں اپنے ملک کی دلچسپی کا اظہار کیا۔ متحدہ عرب امارات میں جنوبی کوریا کے سفیر کوون یونگ وو سے ملاقات میں وزیر صحت ڈاکٹر عبدالرحمٰن بن محمد بن ناصر الاویس نے صحت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں صحت کے جدید ترین حل تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ متحدہ عرب امارات میں ماریشیس کے سفیر شوکت علی سودھن نے بھی وزیر صحت سے ملاقات کی اور دونوں ملکوں کے تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں، طبی مہارت کا تبادلہ اور دونوں ممالک میں صحت کے اداروں کے مابین تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ متحدہ عرب امارات میں انڈونیشیا کے سفیر حسین باجیس سے ملاقات میں وزیر صحت نے ویکسی نیشن اور تشخیص سے متعلق امور کے علاوہ COVID-19 کے پھیلاؤ کو محدود کرنے کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا۔ متحدہ عرب امارات میں ازبکستان کے سفیر بختیار خادروچ ابراہیموف سے ملاقات میں صحت کی دیکھ بھال میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ، دونوں ممالک کے طبی اداروں کے مابین تعاون بڑھانے اور وبائی امراض کا مقابلہ کرنے کے لئے مہارت کا تبادلہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ وزیر صحت ڈاکٹر عبدالرحمٰن بن محمد بن ناصر الاویس نے خلیج تعاون کونسل میں اسرائیل کے خصوصی ایلچی زوی ہیفیٹز اور انکے وفد کا استقبال کیا۔ ملاقات میں متحدہ عرب امارات اسرائیل صحت سے متعلق تعاون کے معاہدے پر مبنی دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں عالمی وبائی امراض کا مقابلہ کرنے، طبی اعداد و شمار، ڈیجیٹل صحت، مصنوعی ذہانت، جدت طرازی اور ادویات کے لئے دونوں ممالک کے مابین تعاون کو فروغ دینے پر غور کیا گیا۔ ملاقات میں متحدہ عرب امارات کی "حیات فیکس" ویکسین کی تیاری کی روشنی میں ویکسی نیشن کے شعبے میں مہارت کا تبادلہ کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر صحت ڈاکٹر عبدالرحمٰن بن محمد بن ناصر الاویس نے کہا کہ متحدہ عرب امارات قومی لچک کو بڑھانے، کاروباری تسلسل برقرار رکھنے اور مستقبل کے وژن کی بدولت صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو آگے بڑھاتے ہوئے COVID-19 وبائی مرض سے نمٹنے میں دنیا کے صف اول کے ممالک میں شامل ہے۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ http://www.wam.ae/en/details/1395302932095

WAM/Urdu