اتوار 13 جون 2021 - 3:43:06 شام

متحدہ عرب امارات کی سعودی عرب پر حوثیوں کے ڈرون حملے کی کوشش کی مذمت


ابوظبی،30 مئی، 2021 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات نے ایران کی حمایت یافتہ حوثی دہشتگرد ملیشیا کی سعودی عرب کے شہر خمیس مشائط میں شہریوں اور شہری تنصیبات پر حملہ کرنے کی منظم کوششوں کی مذمت کی ہے جسے اتحادی فوج نے ناکام بنا دیا۔ وزارت خارجہ اور بین الاقوامی تعاون کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں متحدہ عرب امارات نے اس بات کا اعادہ کیا ہےکہ حوثیوں کے یہ منظم دہشتگردانہ حملے ملیشیا کی طرف سے عالمی برادری اور تمام بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کو نہ ماننے کا ثبوت ہیں۔ وزارت خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا ہےکہ وہ ان بار بار ہونے والی کارروائیوں کو روکنے کے لئے فوری اور فیصلہ کن موقف اپنائے کیونکہ ان حملوں میں اہم انفراسٹرکچر کو نشانہ بنا کر سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام کے ساتھ ساتھ عالمی توانائی کی فراہمی کو بھی خطرے میں ڈالا جاتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں ان حملوں میں مسلسل اضافہ اس ملیشیا کی خطے میں سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کے نئے ثبوت ہیں۔ متحدہ عرب امارات نے ان تخریبی اور دہشتگردانہ حملوں پر سعودی عرب سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے برادر ملک کی سلامتی اور استحکام کو لاحق تمام خطرات کے خلاف اپنے موقف کا اعادہ کیا ہے۔ متحدہ عرب امارات نے سعودی عرب کی طرف سے اپنے شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے سعودی حکام کی جانب سے اٹھائے گئے تمام اقدامات کے لئے بھی اپنی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ وزارت خارجہ نے اس بات پر زور دیا ہےکہ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کی سلامتی ناقابل تقسیم ہے اور متحدہ عرب امارات سعودی عرب کو درپیش کسی بھی خطرہ کو اپنی سلامتی اور استحکام کے لئے خطرہ سمجھتا ہے۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ https://www.wam.ae/en/details/1395302938830

WAM/Urdu