اتوار 13 جون 2021 - 6:13:27 صبح

اوپیک فنڈ کا مالدیپ میں سیاحتی شعبہ کی بحالی کیلئے 10 ملین ڈالر قرض دینے کا معاہدہ


ویانا ، 8 جون ، 2021 (وام) ۔۔ بین الاقوامی ترقی کیلئے اوپیک کے فنڈ نے بنک آف مالدیپ کے ساتھ نجی شعبہ کیلئے دس ملین ڈالر قرض کے معاہدے پر دستخط کردینے کا اعلان کردیا – فنڈ کے مطابق یہ قرض رقم مالدیپ میں سیاحت اور اس سے متعلقہ خدمات سے منسلک ان چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو دینے کیلئے استعمال ہوگی جوکہ کووڈ 19 کی عالمی وباء کی وجہ سے متاثر ہوئے – بنک آف مالدیپ ، ملک میں سیاحتی صنعت کو قرض دینے والا بڑا ادارہ اور سب سے بڑا مالیاتی ادارہ ہے ۔ اس قرض کی رقم سے وہ سیاحتی کاروبار اور متعلقہ صنعت سے وابستہ اداروں کی ضروریات پورا کرے گا – بنک کے سی ای او اور ایم ڈی ٹم سائیر کا کہنا تھا کہ فنڈ کی طرف سے یہ قرض معاہدہ قابل قدر ہے اور اس سے سیاحت شعبے کو تقویت ملے گی جس سے عالمی وباء سے متاثرہ اس شعبہ کے کاروبار کو بحالی نصیب ہوگی ۔ انہوں نے بتایاکہ ان کا بنک پہلے ہی سیاحتی صنعت کیلئے ایسی کاوشیں کررہا ہے اور اوپیک فنڈ کا یہ اقدام ان کوششوں کو بھرپور تقویت بخشے گا جس سے مالدیپ بحالی کی جانب گامزن ہوگا – اوپیک فنڈ کے ڈی جی عبدالحامد الخلیفہ کا کہنا تھا کہ مالدیپ میں بعد از عالمی وباء بحالی عمل میں معاونت قابل مسرت اقدام ہے ، یہ مالدیپ کے ساتھ تعاون کے فریم ورک کو مزید تقویت بخشے گا جوکہ 1977 سے جاری ہے ، اس سے اوپیک فنڈ کو وہاں کے سرکاری اور نجی شعبے کی مالی ضروریات پورا کرنے کے قابل بنایا گیا ہے اور یہ مالدیپ کی دہائیوں سے جاری ترقی میں اہم عنصر رہا ہے – اوپیک فنڈ کا قرض آئی ایف سی کی قیادت میں ایک سینڈیکیٹ کا حصہ ہے ۔ آئی ایف سی ایسیا کی ریجنل ڈائریکٹر روزی خانا کا کہنا تھا کہ مالدیپ کے سیاحتی شعبے کو بحالی میں تعاون ، بعد از کووڈ 19 بحالی کے عمل کا اہم حصہ ہے – اوپیک فنڈ نے کئی دہائیوں سے مالدیپ میں سرکاری اور نجی شعبے کو مالی اعانت کا سلسلہ شروع کررکھا ہے جوکہ وہاں ٹرانسپورٹیشن ، کثیر شعبہ جات ، پانی و نکاسی آب اور مالیاتی شعبوں کیلئے ہے ۔ اوپیک فنڈ کا قیام جنوری 1976 میں اوپیک تنظیم کے 13 رکن ممالک کی جانب سے عمل میں آیا تھا جن میں متحدہ عرب امارات بھی شامل ہے ۔ یہ ترقی پذیر ممالک میں امداد اور تعاون کا ایک باقاعدہ مالیاتی ادارہ جاتی سلسلہ ہے – ترجمہ ۔ تنویر ملک – https://www.wam.ae/en/details/1395302941627

WAM/Urdu