پیر 26 جولائی 2021 - 9:25:07 صبح

متحدہ عرب امارات کی حوثی باغیوں کےسعودی عرب پر ڈرون حملوں کی کوششوں کی مذمت


ابوظبی، 20 جون، 2021 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات نے ایران کی حمایت یافتہ حوثی دہشتگرد ملیشیاء کی سعودی شہریوں اور شہری املاک پر دھماکہ خیز ڈرونز کے ذریعے حملے کی منظم کوششوں کی شدید مذمت کی ہے۔ اتحادی افواج نے ان حملوں کو ناکام بنادیا۔ وزارت خارجہ اور بین الاقوامی تعاون کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں متحدہ عرب امارات نے کہا ہےکہ حوثیوں کی طرف سے بار بار ہونے والے دہشتگردی کے حملے تمام بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی خلاف ورزی ہیں۔ وزارت خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ان بار بار ہونے والی کارروائیوں کو روکنے کے لئے فوری اور فیصلہ کن موقف اپنائے۔ اہم سعودی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے سے سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام کے ساتھ ساتھ عالمی توانائی کی فراہمی اور معیشت بھی خطرے میں پڑ جاتی ہے۔ بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں ان حملوں میں مسلسل اضافہ خطرنا ک ہےاور یہ خطے میں سلامتی اور استحکام کو خراب کرنے کی ان ملیشیاؤں کی کوششوں کاثبوت ہے۔ متحدہ عرب امارات نے ان تخریبی دہشتگردانہ حملوں پر سعودی عرب کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کی تجدید کرتے ہوئے سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام کو لاحق تمام خطرات کے خلاف اپنے موقف کا اعادہ کیا ہے۔ متحدہ عرب امارات نے شہریوں اور رہائشیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے سعودی حکام کی طرف سے اٹھائے گئے تمام اقدامات کی حمایت کا اعادہ کیاہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کی سلامتی ناقابل تقسیم ہے اور سعودی عرب کو درپیش کسی بھی خطرے کو متحدہ عرب امارات اپنی سلامتی اور استحکام کے لئے خطرہ سمجھتا ہے۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ http://wam.ae/en/details/1395302945504

WAM/Urdu