بدھ 01 دسمبر 2021 - 7:17:51 شام

وام کے وفد کا یوکرین کا دورہ،میڈیا اداروں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

  • ukraine visitd3_wam-15
  • ukraine visitd2_wam-82
  • ukraine visitd2_wam-55
  • ukraine visitd2_wam-19
ویڈیو تصویر

کیف، 20نومبر، 2021 (وام) ۔۔ امارات نیوز ایجنسی (وام) کے ایک وفد نے یوکرین کی قومی خبر رساں ایجنسی یوکرینفارم کی دعوت پر یوکرین کا دورہ کیا،جس کے دوران وفد نے یوکرین کے متعدد سرکاری اور نجی میڈیا اداروں کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد تربیت اور خبروں کے تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں وام اور یوکرینی میڈیا کے اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دینا تھا۔ دورے کے ایجنڈے میں سب سے زیادہ اہم گلوبل میڈیا کانگریس تھی، جو نائب وزیراعظم اور صدارتی امور کے وزیر شیخ منصور بن زاید آلنھیان کی زیر سرپرستی ابوظہبی میں آئندہ سال 15سے 17 نومبرتک ہوگی۔ کانگریس کا اہتمام ابوظہبی نیشنل ایگزیبیشنز کمپنی(ایدنیک) نےوام کے اسٹریٹجک تعاون سے کیا ہے۔ امارات نیوز ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل محمد جلال الریسی کی قیادت میں وفد نے یوکرینفارم کے صدر دفتر کا دورہ کیا، جہاں وفد نے یوکرینفارم کے ڈائریکٹر جنرل اولیکزینڈر خرچینکو سے ملاقات کی، وام کے وفد کو ایجنسی کے اندرونی نظام اور ورک فلو میکانزم کے بارے میں آگاہ کیاگیا۔ دورے کے دوران، وام ، یوکرینفارم اور یوکرین کے دیگر میڈیا اداروں کے درمیان خبروں کے تبادلوں اور معلومات کی منتقلی کو آسان بنانے کے امکانات، خاص طور پر اقتصادی اور سماجی شعبوں میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ وام کے وفد نے یوکرین کے نائب وزیر برائے ثقافت و اطلاعاتی پالیسی تاراس شیوچینکو سے بھی ملاقات کی ،جس میں ثقافتی اور میڈیا تعاون کو فروغ دینے کے ذرائع کا جائزہ لیاگیا۔ الریسی نے دورے کی دعوت دینے پر یوکرین حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے مضبوط تعلقات اور میڈیا سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی خواہش کی عکاسی ہے۔ الریسی نے کہا کہ امارات نیوز ایجنسی دونوں ممالک کےخبر رساں اداروں کے درمیان مہارتوں کے تبادلے اور معلومات کی منتقلی کو فروغ دے کر یوکرین کے مخلتف میڈیا اداروں سے تعاون کو مضبوط بنانے کی خواہاں ہیں اور یہ ہماری میڈیا سروسز کے دائرہ کار کو بڑھانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے جس کے تحت ہم گزشتہ سالوں سےدنیا کی 19زبانوں میں اپنی خدمات فراہم کررہے ہیں۔ وام کے ڈائریکٹر جنرل نے یوکرین کے میڈیا اداروں کو آئندہ سال 15 سے17نومبر تک ابوظہبی میں ہونے والی ورلڈ میڈیا کانگریس کے پہلے ایڈیشن میں شرکت کی دعوت دی۔ وام کے وفد نے نیوز ایجنسی لیگا.نیٹ،یوکرین کی پبلک براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے نگران بورڈ،یوکرین کے اخبار پارلیمنٹ ہولوس اور انٹرفیکس نیوز ایجنسی کے دورے کے علاوہ نیوز ایجنسیوں، میں اخبارات اور رسائل کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔ ترجمہ۔ تنویر ملک https://www.wam.ae/en/details/1395302994749

WAM/Urdu