اتوار 22 مئی 2022 - 7:03:16 شام

متحدہ عرب امارات فوڈ بنک نے2021 میں مستحقین میں 10ملین سے زیادہ کھانےتقسیم کیے


دبئی، 27 جنوری،2022 (وام)۔۔ نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی اہلیہ اور متحدہ عرب امارات کے فوڈ بینک کے بورڈ آف ٹرسٹیز کی چیئرپرسن محترمہ شیخہ ہند بنت مکتوم بن جمعہ آل لمکتوم کی ہدایت پر بینک نے اعلان کیا کہ اس نے 2021 میں مختلف مستحقین میں 10 ملین سے زیادہ کھانے تقسیم کیے ہیں۔ ضرورت مندوں میں خوراک کی تقسیم کے لیے شروع کیے گئے خیراتی اقدام نے گزشتہ سال حکام اور اداروں کے ساتھ مجموعی طور پر 30 معاہدوں پر دستخط کیے تاکہ امارات میں مستحقین میں اضافی خوراک کی محفوظ تقسیم کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ UAE فوڈ بینک کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے ڈپٹی چیئرمین اور دبئی میونسپلٹی کے ڈائریکٹر جنرل داؤد الحاجری نے کہاکہ فوڈ بینک محترمہ شیخہ ہند بنت مکتوم بن جمعہ المکتوم کی ہدایت اور وژن کے تحت کام کرتا ہے سماجی یکجہتی اور معاشرے میں دینے، نیکی اور خیرات کی اقدار کو مضبوط کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے دوران بینک نے کمیونٹی کے اراکین کے تعاون سے اپنے عظیم مشن کو جاری رکھا جو متحدہ عرب امارات کے معاشرے میں مضبوط یکجہتی کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ بینک تمام شہریوں اور رہائشیوں کو اس اقدام میں حصہ ڈالنے کے ساتھ ساتھ فوڈ سیکورٹی پالیسی کے مقاصد کو پورا کرنے میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرنے کی کوشش کرتا ہے جس کا مقصد زائد خوراک سے فائدہ اٹھا کر اسکے ضیاع کو کم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں متحدہ عرب امارات کے فوڈ بینک نے 37.5 ملین سے زیادہ کھانے تقسیم کیے اور 125 مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ 32 ٹن فوڈ پارسل جو کہ 32,000 کھانوں کے برابر ہے ہلال احمرامارات کے تعاون سے سینیگال اور فلپائن کو عطیہ کیا گیا۔ متحدہ عرب امارات کے فوڈ بینک نے انفرادی عطیات جمع کرنے اور ضرورت مند لوگوں کی خوراک تک رسائی کی سہولت کے لیے ملک بھر کے مختلف علاقوں میں 104 فریج بھی قائم کیے ہیں۔ ان فریجز کے لیے عطیہ کردہ کل 1,550 ٹن خوراک صرف دبئی میں تقسیم کی گئی۔ UAE فوڈ بینک نے دبئی انٹرنیشنل ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ڈیولپمنٹ (DIHAD) نمائش اور کانفرنس میں شرکت کی اور بینک کے مقرر کردہ معیارات کے مطابق خوراک ذخیرہ کرنے اور پیکجنگ کے بارے میں رضاکاروں کے لیے کئی تربیتی پروگراموں کا اہتمام کیا۔ بینک نے دبئی کے کچھ اسکولوں اور سرکاری محکموں کے لیے عملی طور پر لائیو کوکنگ ورکشاپس بھی منعقد کیں۔ UAE فوڈ بینک نے 2021 میں 51 تقریبات اور ورکشاپس کا انعقاد کیا اور بہت سے عالمی اور انسانی مواقعوں میں شرکت کی جن میں برداشت کا عالمی دن، عالمی یوم خوراک، اماراتی خواتین کا عالمی دن، عالمی یوم انسانی اور چیریٹی کا عالمی دن شامل ہیں۔ فرینڈز آف کینسر پیشنٹ ایسوسی ایشن کے تعاون سے فوڈ بینک نے کینسر کے اہل مریضوں اور ان کے خاندانوں کو خوراک کے عطیات میں سہولت فراہم کی۔ اس نے معذوربچوں کے لیے کئی کمیونٹی اقدامات بھی کیے ہیں۔ بینک کی طرف سے موصول ہونے والی کھانے کی اشیاء ان کی درستگی کی مدت کے اندر ہونے کی ضرورت ہے۔ دبئی میونسپلٹی کا فوڈ سیفٹی ڈپارٹمنٹ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے چیک کرتا ہے کہ کھانا مستحقین میں تقسیم کرنے کے لیے محفوظ ہے۔ کھانے کی حفاظت اور حفظان صحت کی ضروریات کو پورا نہ کرنے والے کھانے کو خارج کر دیا جاتاہے۔ خوراک کے عطیات متحدہ عرب امارات کے فوڈ بینک کی سائٹ پر پہنچائے جاتے ہیں اور پھر اسے مخصوص گاڑیوں میں خیراتی اداروں میں تقسیم کیا جاتا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ٹرانسپورٹ کے دوران خوراک کو محفوظ رکھا جائے۔ فوڈ بینک نے ایکسپو 2020 دبئی کے تعاون سے عالمی ایونٹ کے پہلے تین مہینوں کے دوران 50,000 سے زیادہ کھانے تقسیم کیے ہیں۔ یہ اقدام خیرات کی اقدار کو فروغ دینے اور دنیا بھر سے تقریب میں آنے والے لوگوں کے درمیان یکجہتی اور اتحاد کے اصولوں کو مضبوط کرنے کے لیے بینک کی کوششوں کا حصہ تھا۔ یہ کھانا متحدہ عرب امارات کے فوڈ بینک اور ترہوم چیریٹی فاؤنڈیشن کی ٹیموں کے ساتھ ساتھ مختلف سرکاری اداروں کے رضاکاروں نے تقسیم کیا۔ عالمی ایونٹ کے پہلے تین ماہ کے دوران رضاکاروں کی کل تعداد 269 تک پہنچ گئی جبکہ عطیہ دہندگان کی کل تعداد سات تھی۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ https://wam.ae/en/details/1395303015544

WAM/Urdu