جمعرات 07 جولائی 2022 - 2:43:18 شام

 محمد بن زاید کی صحت کے شعبے کو ترقی دینے کی کوششیں،مدد،حمایت اورعالمی اقدامات سے مزین ہیں


ابوظہبی، 23 مئی، 2022 (وام) ۔۔ صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید آل نھیان کی متحدہ عرب امارات اور پوری دنیا میں صحت کے شعبے کو ترقی دینے کی کوششیں ،مدد ،حمایت اورعالمی اقدامات سے مزین ہیں۔ شیخ محمد کی ہدایات اور ویژن صحت و طبی پروگراموں کی حمایت، ویکسینیشن مہمات پر عملدرامد اور دنیا بھر میں ویکسین فراہم کرنے کے لیے ملکی اقدامات، مالی تعاون اور فیلڈ پروجیکٹس کی بنیاد ہیں۔

کووڈ19کی وبا دنیا کو درپیش سب سے مشکل جدید چیلنجز میں سے ایک ہے اور عزت مآب شیخ محمد کے موقف اور اقدامات نے ان کے عظیم انسان دوست نقطہ نظرکو ظاہرکیا ہے، کیونکہ انہوں نے سب کی مدد کی، ہسپتال بنائے، ویکسین فراہم کی، انسانی ہمدردی کے شہر قائم کیے اوربلاتفریق پوری دنیا کی مدد کی۔

وبا کے آغاز کے بعد سے، متحدہ عرب امارات پہلے ممالک میں شامل تھا جنہوں نے ایسے اقدامات کیے جن سے عالمی بحران کو کم کرنے میں مدد ملی، متحدہ عرب امارات کی کوششیں متاثرہ ممالک کے لیے بین الاقوامی ردعمل کا 80 فیصد ہیں۔

متحدہ عرب امارات نے وبا کے مرکز چینی صوبے ہوبے سے بہت سے دوست ممالک کے شہریوں کو نکال کرابوظہبی میں قائم امارات ہیومینٹیرین سٹی پہنچایا۔

صدر عزت مآب شیخ محمد نے ملک بھر میں ڈرائیو تھرو کووڈ19 ٹیسٹنگ سنٹرز اور فیلڈ ہسپتالوں کے قیام ،کووڈ19 سے انتقال کرنے والوں کے لواحقین اور وبا سے متاثرہ مریضوں کےعلاج کے اخراجات کی مد میں مدد اورصندوق الوطن کے کمیونٹی اقدام کے قیام کا حکم دیاجس کا مقصد وبا سے نمٹنے قومی کوششوں کو فروغ دینا ہے۔

صدر عزت مآب شیخ محمد نےاستوائی خطے میں پائی جانے والی بیماریوں پولیو، ملیریا، گائنی ورم ، ریور بلائنڈنس اور لمفیٹک فلیریاسس کو ختم کرنے کے اقدامات میں بھی کلیدی تعاون کیا۔ 2017 میں، عزت مآب نے ریچنگ دی لاسٹ مائل فنڈ کا آغاز کیا، جو کہ اندھے پن اور لمفیٹک فائلریاسس کےخاتمے کے لیے 10 سالہ پروگرام کا10کروڑ امریکی ڈالر کا فنڈ ہے۔

2018 میں،فنڈ نے دونوں بیماریوں کے علاج اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے 76ہزار سے زیادہ کارکنوں کو تربیت دینے کے لیے1کروڑ35لاکھ ڈالر سے زیادہ کی رقم فراہم کی۔ صدر عزت مآب شیخ محمد نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے اشتراک سے ابوظہبی میں "ریچ انسٹی ٹیوٹ" بھی قائم کیا ہے۔

اس کے علاوہ دنیا بھر میں پولیو کے خاتمے کے لیے عزت مآب شیخ محمد کی کوششوں کے تحت، یو اے ای پاکستان اسسٹنس پروگرام (یو اے ای پی اے پی) نے 2016 سے ستمبر 2021 تک پاکستان میں 10کروڑ20لاکھ سے زیادہ بچوں کو پولیو ویکسین کی 58کروڑ32لاکھ40ہزار876 خوراکیں فراہم کیں۔

یو اے ای پی اے پی کی انتظامیہ کے مطابق،کووڈ19 کی وباکے دوران اس مہم کے تحت پاکستان میں جولائی 2020 سے ستمبر 2021 تک بچوں کو پولیو کے خلاف12کروڑ76لاکھ 64ہزار157ویکسین کی خوراکیں دی گئیں۔

گزشتہ دہائی کے دوران، صدرعزت مآب شیخ محمد نے دنیا بھر میں لوگوں کی صحت کو بہتر بنانے کے لی 45کروڑ ڈالر سے زیادہ کی رقم فراہم کی ہے۔

متحدہ عرب امارات ملیریا کے خاتمے کے پروگرامز بشمول ملیریا کے خاتمے کی آر ایم بی شراکت کے سب سے بڑے عطیہ دہندگان میں شامل ہے۔

ترجمہ۔تنویر ملک

http://wam.ae/en/details/1395303050171

WAM/Urdu