جمعرات 07 جولائی 2022 - 6:32:30 شام

محمد ہادی الحسینی سے اوپیک فنڈ کے وفد کی ملاقات،عالمی ترقی میں تعاون پر تبادلہ خیال

  • وزارة المالية و"أوبك للتنمية الدولية " يبحثان التعاون
  • وزارة المالية و"أوبك للتنمية الدولية " يبحثان التعاون

دبئی، 23 مئی، 2022 ۔۔ وزیر مملکت برائے مالیاتی امور محمد ہادی الحسینی نے حال ہی میں اوپیک فنڈ برائے بین الاقوامی ترقی (اوپیک فنڈ) کے ڈائریکٹر جنرل اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبدالحمید الخلیفہ اور ان کے ساتھ آنے والے وفد سے ملاقات کی۔

ملاقات میں متحدہ عرب امارات اور اوپیک فنڈ کے درمیان تعاون کو بڑھانے اور فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ محمد ہادی الحسینی نے فنڈ کے اسٹریٹجک منصوبوں اور ہدایات کی حمایت میں مؤثر طریقے سے تعاون کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات مختلف علاقائی اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ ہم آہنگی اور کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا متحدہ عرب امارات خاص طور پر اوپیک فنڈ برائے بین الاقوامی ترقی کے لیے اقتصادی منصوبے وضع کرنے اور ترقیاتی اور تکنیکی پروگرام اور امداد فراہم کرنے کے لیے جامع اور پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول میں مدد فراہم کرتا ہے۔

ملاقات میں متعدد متعلقہ پیش رفتوں بشمول متحدہ عرب امارات کی جانب سے خودمختار بانڈز کےاجراء اور فنڈ کے اسٹریٹجک فریم ورک کے اندر سرمایہ کاری کے پہلو پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں متحدہ عرب امارات کے شہریوں اور یونیورسٹی کے طلباء کو اس شعبے میں اپنی صلاحیتوں کو مضبوط کرنے کے لیے تربیت اور مدد فراہم کرنے کے ذرائع پر بھی غور کیا گیا۔

ملاقات کے دوران اوپیک فنڈ کے ڈائریکٹر جنرل نے اوپیک فنڈ برائے بین الاقوامی ترقی کے تازہ ترین منصوبوں کا جائزہ لیا۔

ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ 2021 سے2023 کے ورک پلان کے دوران فنڈ اپنی سٹریٹجک سمتوں کی بنیاد پر شراکت دار ممالک کی مدد جاری رکھے گا جبکہ ٹرانسپورٹیشن، زراعت، توانائی، تجارتی مالیات کے ساتھ ساتھ نجی شعبے کے قرضے پر توجہ مرکوز کرے گا۔

اوپیک فنڈ برائے بین الاقوامی ترقی ایک کثیر جہتی ترقیاتی مالیاتی ادارہ ہے جسے جنوری 1976 میں قائم کیا گیا تھا اور اس کا انتظام رکن ممالک کے وزراء خزانہ کرتے ہیں جس کا مقصد ترقی پذیر ممالک کو امداد فراہم کرنا ہے۔

ترجمہ: ریاض خان ۔

http://wam.ae/en/details/1395303050051

WAM/Urdu