جمعرات 07 جولائی 2022 - 6:44:43 شام

متحدہ عرب امارات کے صدر کی  ابوظہبی بین الاقوامی کتاب میلے2022سے کتب کی خریداری کے لیے60لاکھ درہم مختص کرنے کی ہدایت


ابوظہبی، 24 مئی، 2022 (وام) ۔۔ صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید آل نھیان نے ابوظہبی بین الاقوامی کتاب میلے(اے ڈی آئی بی ایف) سے منتخب کتابوں، حوالہ جات اور تعلیمی مواد کی خریداری کے لیے60 لاکھ درہم کی گرانٹ مختص کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اے ڈی آئی بی ایف کا31 واں ایڈیشن گزشتہ روز23 مئی سے شروع ہوا ہے۔ خریدی گئی کتابیں اور مواد متحدہ عرب امارات کے تمام اسکولوں کی لائبریریوں میں تقسیم کی جائیں گے تاکہ لائبریریوں کو مفید حوالہ جاتی تصانیف سے آراستہ کرکے علم اور تعلیم کے حصول کے لیے ہر سطح کے طلبہ کی مدد کی جاسکے۔

محکمہ ثقافت و سیاحت ابوظہبی( ڈی سی ٹی) کے ادارے، ابوظہبی عربی لینگویج سنٹر (اے ایل سی) کے چیئرمین ڈاکٹر علی بن تمیم نےکہا کہ صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید آل نھیان کی طرف سے یہ فراخدلانہ گرانٹ مقامی اور عرب اشاعتی مارکیٹ کو عالمی سطح پر مسابقت کے لیے ہماری کوششوں کو جاری رکھنے میں مضبوط بنیاد فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ طلباء کو ابوظہبی بین الاقوامی کتاب میلے سے کتابوں اور حوالہ جات کی وسیع اقسام کی فراہمی کا یہ اقدام متحدہ عرب امارات میں علم اور ثقافت کے فروغ میں بھی ایک مؤثر کردار ادا کرے گا ۔

اس کے ذریعے، علمی مواد تک اگلی نسل کی رسائی میں اضافے سے ان کے علم اور سیکھنے کی لگن میں اضافہ ہوگا جبکہ ان کاتخیل، اختراع اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ حاصل ہوگا۔

ترجمہ۔تنویرملک

http://wam.ae/en/details/1395303050572

WAM/Urdu