جمعرات 07 جولائی 2022 - 3:12:26 شام

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا مرحوم شیخ خلیفہ بن زاید کو خراج عقیدت پیش


نیویارک، 24 مئی، 2022 (وام) ۔۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں، اقوام متحدہ کے 193 رکن ممالک نے متحدہ عرب امارات کے مرحوم صدر شیخ خلیفہ بن زاید آل نھیان کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اقوام متحدہ کے رکن ممالک سے خطاب کرتے ہوئے اپنے افتتاحی کلمات میں، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، انتونیو گوتریس نے کہاکہ سوگ کی اس گھڑی میں، ہمیں عزت مآب کی جانب سے اپنی پوری زندگی میں جس تدبر اور صبر کا مظاہرہ کیا اس سے تحریک لینی چاہیئے۔

آئیے مرحوم کی اس نصیحت کو یاد کریں کہ مستقبل کی تیاری،قریب ہو یا بعید،کل کی بجائے آج سے شروع کرنی چاہئے۔

اس اجلاس کی صدارت اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76ویں سیشن کے صدر اور مالدیپ کے وزیر خارجہ عبداللہ شاہد نے کی، جنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ مرحوم صدر کی اسٹریٹجک دور اندیشی اور سیاسی دانشمندی کے ساتھ، ایک صحت مند عزائم اور حقیقی سماجی و اقتصادی ترقی حاصل کرنے کی خواہش کے ساتھ، متحدہ عرب امارات آج ہوا بازی، مالیات، تعلیم، قابل تجدید توانائی، ٹیکنالوجی، ثقافت اور سیاحت کے ایک مرکز میں تبدیل ہو چکا ہے۔

اقوام متحدہ میں امریکہ کی مستقل نمائندہ لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے اقوام متحدہ صدر دفتر کے میزبان ملک کی نمائندہ کی حیثیت سے تعزیت کا اظہار کیا اور متحدہ عرب امارات اور امریکہ کے درمیان قریبی دوطرفہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔ موریطانیہ، پیرو، ڈنمارک، عمان، جمہوریہ چیک، کویت، پاکستان اور سعودی عرب کے نمائندوں نے بھی تعزیت کا اظہار کیا اور اپنے متعلقہ علاقائی گروپوں کی جانب سے مرحوم صدر کی انسانی ہمدردی کے کاموں سمیت دیگر کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔

اجلاس کے دوران، اقوام متحدہ میں متحدہ عرب امارات کی مستقل نمائندہ، لانا نسيبہ نے متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام کے ساتھ تعزیت کا اظہارکرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے کہا کہ اس سے ان ممالک کے درمیان گہرے تعلقات کا اظہار ہوتا ہے جس کو مضبوط بنانے میں عزت مآب نے ایک شاندار کردار ادا کیا۔انہوں نے کہاکہ شیخ خلیفہ ایک دانشمند رہنما اور امن کی علامت اور اپنی عاجزی اور انسانیت کے ساتھ ہماری نسل کے لیے ایک رول ماڈل تھے۔

انہوں نے مزید کہاکہ ان کی کامیابیاں کئی نسلوں کی تعمیر کے لیے ایک بنیاد کا کام کریں گی کیونکہ ہم صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید آل نھیان اور اس رہنما کی قیادت میں اپنا سفر جاری رکھیں گے جو یو اے ای کی ترقی اور خوشحالی کے اس پرجوش سفر میں امارات کے حکمرانوں کی حمایت سے رہنمائی کریں گے۔

اجلاس سے قبل متحدہ عرب امارات کے مرحوم صدر کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اقوام متحدہ کے پرچم کو سرنگوں کیا گیا جس کا مشاہدہ متحدہ عرب امارات کے وفد کے ارکان نے کیا۔

ترجمہ۔تنویرملک

http://wam.ae/en/details/1395303050560

WAM/Urdu