Tue 24-05-2022 13:58 PM
ابوظہبی، 24 مئی، 2022 (وام) ۔۔ وفاقی قومی کونسل (ایف این سی) کے اسپیکر صقر غباش نے یورپی پارلیمنٹ کی جزیرہ نما عرب کے ساتھ تعلقات کے لیے چیئر آف ڈیلی گیشن ہانا نیومان سے ملاقات کی، جوان دنوں متحدہ عرب امارات کے دورہ پر ہیں۔ ملاقات کے دوران، فریقین نے مختلف شعبوں، خاص طور پر پارلیمانی، سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں متحدہ عرب امارات اور یورپی یونین (ای یو) کے رکن ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے اور شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا۔
غباش نے ڈی اے آر پی ڈیلیگیشن کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ان کے دورہ سے باہمی دلچسپی کے امور میں ہم آہنگی اور مشاورت کی حوصلہ افزائی ہوگی اور اقتصادی تنوع، پائیداری، موسمیاتی تبدیلی، خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انسانی ہمدردی کے کاموں کے شعبوں میں متحدہ عرب امارات کی کامیابیاں اجاگر ہوں گی۔ غباش نے یورپی یونین اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کی دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کے لیے اسٹریٹجک شراکت داری کے حوالے سے مشترکہ بیان کوسراہتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ دورہ ایسے موقع پر ہے جب مرحوم شیخ خلیفہ بن زاید آل نھیان کے انتقال کو چند روز ہوئے ہیں جن کی قیادت میں ملک سیاسی لحاظ سے بااختیاربنا۔ غباش نے مزید کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب کچھ ملک خطے کے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی کوشش کر رہے ہیں، متحدہ عرب امارات سلامتی، امن و استحکام کو برقرار رکھنے اور رواداری اور بقائے باہمی کی اقدار کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان ابراہیمی معاہدے پر دستخط کا مقصد خطے میں استحکام اور ترقی کا حصول ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات انسانی امداد کی فراہمی جاری رکھنے اور یمن میں سیاسی تصفیے کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے، انہوں نے مزید کہا کہ یوکرینی بحران کے حوالے سے ملک کا موقف شہریوں کو انسانی امداد فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔
نیومان نے مرحوم شیخ خلیفہ بن زاید کے انتقال پر متحدہ عرب امارات کی قیادت، حکومت اور عوام سے تعزیت کا اظہار کیا اور صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید آل نھیان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہ وہ متحدہ عرب امارات کے رواداری، امن اور استحکام جیسا وژن رکھتی ہیں۔
ترجمہ۔تنویرملک
http://wam.ae/en/details/1395303050512