جمعہ 31 مارچ 2023 - 10:36:39 صبح

آئی سی پی نےچھ ماہ سے بیرون ملک مقیم باشندوں کیلئےداخلہ اجازت نامےکی سروس شروع کردی


ابوظبی، 31 جنوری، 2023 (وام) ۔۔ فیڈرل اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹس سیکورٹی (آئی سی پی ) نے اعلان کیا ہےکہ اس نے اپنے سمارٹ چینلز میں 6 ماہ سے زائد عرصے سے متحدہ عرب امارات سے باہر رہنے والے رہائشیوں کے لیے داخلے کے اجازت نامے میں ایک سروس شامل کی ہے۔ سروس گزشتہ جمعہ کو شروع کی گئی تھی اور اتھارٹی نے وضاحت کی ہےکہ یہ سروس ان رہائشیوں پر لاگو نہیں ہوتی جو گولڈن رہائشی اجازت نامہ رکھتے ہیں۔ اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا ہےکہ یہ نئی سروس ان صارفین کو خوش کرنے کے مقصد سے شروع کی گئی ہے جن کے پاس رہائشی اجازت نامے ہیں اور وہ 6 ماہ سے زائد عرصے تک تعلیم، کام یا علاج کے لیے ملک سے باہر رہنے پر مجبور ہیں۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ملک سے باہر رہنے کی مخصوص مدت ختم کردی گئی ہے جس کے نتیجے میں قانونی نقطہ نظر سے رہائش کی منسوخی ہوتی ہے۔ اتھارٹی نے وضاحت کی ہےکہ نئی سروس رہائشیوں کو اجازت دیتی ہے کہ وہ ریذیڈنسی کو دوبارہ فعال کر سکیں اور اسے ملک میں داخل ہونے کے لیے استعمال کریں۔ یہ اتھارٹی کی منظوری سے مشروط ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 6 ماہ سے زیادہ ملک سے باہر رہنے والوں کے لیے اجازت نامے کی درخواست کی منظوری کے لیے ان کی اماراتی شناخت کی کاپی اور پاسپورٹ کی ایک کاپی جمع کرانا اور اس مدت کے دوران ملک میں داخل ہونے میں تاخیر کی وجہ لکھنا ضروری ہے۔ یہ سروس صرف بیرون ملک سے آنے والے ان صارفین تک محدود ہے جو 6 ماہ سے زیادہ متحدہ عرب امارات سے باہر رہے ہیں۔ اپنے بیان میں اتھارٹی نے صارفین کو فراہم کی جانے والی خدمات کے نظام کو تیار کرنے،تمام خدمات کی فراہمی میں طریقہ کار کو آسان بنانے اور ڈیجیٹل تبدیلی کے ذریعے صارفین کی ضروریات کو پورا کرنے والی نئی خدمات شروع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ https://wam.ae/en/details/1395303123907