Wed 01-02-2023 09:38 AM
ابوظبی، 31 جنوری، 2023 (وام) ۔۔ فیڈرل نیشنل کونسل (ایف این سی) کے سپیکر صقرغوباش نے متحدہ عرب امارات میں لاطینی امریکہ اور کیریبین ممالک کے متعدد سفیروں سے ملاقات کی ۔ ایف این سی سپیکر نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور لاطینی امریکہ اور کیریبین ممالک کے درمیان ممتاز تعلقات ہیں جو تعاون اور مشترکہ مفادات پر استوار ہیں اور ان کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی قیادت میں متحدہ عرب امارات کے سیاسی، پارلیمانی، اقتصادی، ثقافتی، تعلیمی، سرمایہ کاری اور دیگر اہم شعبوں میں ان ممالک کے ساتھ تعاون اور شراکت داری کو تقویت دینے کا اعادہ کیا۔ ملاقات کرنے والوں میں کوسٹا ریکا،ارجنٹائن، میکسیکو،وینزویلا، جمہوریہ ڈومینیکن،چلی،گوئٹے مالا،یوراگوئے، سینٹ کٹس اینڈ نیوس،پیراگوئے،کولمبیا، کیوبا کے سفیر، ڈومینیکا کی دولت مشترکہ کے سفیر، پیرو کے قونصل جنرل،برازیل اور پاناما کے ناظم الامور شامل تھے۔ ملاقات میں برازیل میں متحدہ عرب امارات کے سفیر صالح احمد السویدی اور ارجنٹائن میں متحدہ عرب امارات کے سفیر سعید القمزی اور ایف این سی کے متعدد اراکین بھی موجود تھے۔ ملاقات میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے طریقوں خاص طور پر ان ممالک میں ایف این سی اور پارلیمانی اداروں کے درمیان تعاون اور پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان ملکوں کےسفیروں نے مختلف شعبوں میں متحدہ عرب امارات کی کشادگی اور ترقی کی تعریف کرتے ہوئے اسے دوسرے ممالک کے لیے مثال قرار دیا۔ انہوں نے اپنے ملکوں کی طرف سے مختلف شعبوں میں پارلیمانی تعلقات کو مضبوط اور فعال کرنے خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سےمتحدہ عرب امارات اور ان کے ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اور ان کے مشترکہ مفادات کو حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ https://wam.ae/en/details/1395303123938