جمعہ 31 مارچ 2023 - 9:55:01 صبح

ڈی ایف ایم کمپنی کا 2022 کاخالص منافع 14کروڑ71لاکھ درہم تک پہنچ گیا


دبئی، یکم فروری، 2023 (وام) ۔۔ دبئی فنانشل مارکیٹ کمپنی (پی جے ایس سی) کا 31 دسمبر 2022 کو ختم ہونے والے مالی سال کا خالص منافع گزشتہ سال کے مقابلے میں 41.7 فیصد اضافہ کے ساتھ 10کروڑ38لاکھ درہم سے 14کروڑ71لاکھ درہم تک پہنچ گیا۔

کمپنی کی مجموعی آمدنی 19فیصد اضافے سے35کروڑ12لاکھ درہم ہوگئی۔2022 کی چوتھی سہ ماہی میں کمپنی کا خالص منافع5کروڑ81لاکھ درہم اور مجموعہ آمدنی11کروڑ34لاکھ درہم رہی.بورڈ آف ڈائریکٹرز نے سالانہ نتائج کی منظوری دیتے ہوئے 13کروڑ47لاکھ درہم نقد ڈیویڈنڈ کی سفارش کی جو سرمائے کے 1.68فیصد کے برابر ہے۔ بورڈ نے ایک نئی فکسڈ ڈیویڈنڈ پالیسی کی بھی سفارش کی، جس میں یہ تجویز رکھی گئی کہ کمپنی اپنے خالص منافع کا کم از کم 50فیصد سالانہ تقسیم کرے۔

ڈی ایف ایم کمپنی کے چیئرمین ہلال المری نے 2022 میں کمپنی کی کامیابیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ سال ڈی ایف ایم کے لیے امید افزا تھا۔ انہوں نے مالی سال کے مضبوط نتائج کو کمپنی کے آپریٹنگ ماڈل کی مضبوطی اور کاروبار کو تبدیل کرنے، نئے مواقع کے حصول اور متحدہ عرب امارات کی کیپٹل مارکیٹوں کو ترقی دینے میں پیش رفت کو قرار دیا۔

المری کے مطابق ڈی ایف ایم کا جدید انفراسٹرکچر، جدید ضوابط، اور متحرک کاروباری ماڈل پائیدار ترقی کو آگے بڑھائے گا اور دبئی کو عالمی مالیاتی سرگرمیوں کے مرکز کے طور پر مزید مضبوط کرے گا۔

ہلال المری نے مزید کہا کہ کیپٹل مارکیٹ کی ترقی کی حکمت عملی پر ڈی ایف ایم کی توجہ سے مثبت نتائج حاصل ہوئے ہیں، جس سے ڈی ایف ایم نئے آئی پی اوز اور لسٹنگ میں سرفہرست رہا ہے جس میں حکومت سے متعلقہ اور نجی کمپنیوں کے 5 کامیاب آئی پی اوز ہیں۔ انہوں نے ایک نئے جنرل انڈیکس کے آغاز پر بھی روشنی ڈالی جو انڈیکس کے لیے بہترین طریقہ کار اور سرمایہ کاروں کے لیے زیادہ شفافیت فراہم کرتا ہے۔

المری نے کروڈ آئل کنٹریکٹ ٹریڈنگ (مائکرو عمان کروڈ آئل فیوچرز) اور نئے ایکویٹی فیوچرز کے آغاز کے ساتھ اثاثوں کی کلاسوں کو متنوع بنانے کے لیے ڈی ایف ایم کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔

2021 کے مقابلے میں 24.5 فیصد اضافے کے ساتھ 90ارب درہم کی تجارتی قدراور41.4 فیصد اضافے سے 582ارب درہم کی لسٹڈ سیکیورٹیز کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن کے ساتھ ڈی ایف ایم نے اپنے سال کا مجؓوط اختتام کیا۔ڈی ایف ایم جنرل انڈیکس میں بھی 4.4 فیصد اضافہ ہوا۔ 5ارب درہم کی خالص خریداریوں کے ساتھ ڈی ایف ایم کی ٹریڈنگ ویلیو میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کاحصہ 48.7 فیصد اورسال کے اختتام پر مارکیٹ کیپٹلائزیشن19 فیصد رہی۔ ڈی ایف ایم میں گزشتہ سال 1لاکھ 67ہزار332 نئے سرمایہ کاروں نے سرمایہ کاری کی،جو گزشتہ سال کے مقابلے میں23 گنا زیادہ ہیں،جس سے212 قومیتوں کے سرمایہ کاروں کی کل تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جو ڈی ایف ایم کی ڈیجیٹل آن بورڈنگ کی کامیابی کو ظاہرکرتا ہے۔

ترجمہ۔تنویرملک

http://wam.ae/en/details/1395303124218

Farrukh Tanveer Malik/ Amrutha