Thu 16-03-2023 16:16 PM
شارجہ، 16 مارچ، 2023 (وام) ۔۔ سپریم کونسل کے رکن اور شارجہ کے حکمران عزت مآب ڈاکٹر شیخ سلطان بن محمد القاسمی سے جمعرات کو عرب یونین فار ٹورازم میڈیا (اے یو ٹی ایم) کے وفد نے ملاقات کی۔
عزت مآب ڈاکٹر شیخ سلطان نے شارجہ میں وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے ثقافتی، ماحولیاتی اور ورثے کی سیاحت کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا جو سیاحوں کو علم فراہم کرنے کے ساتھ شہر کی ثقافت اور تاریخ کی عکاسی کرتا ہے۔
شارجہ کے حکمراں نے امارت کے شہروں اور علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالی، جن کا تعین عزت مآب ہر شہر کی نوعیت کے تناسب سے کرتے ہے۔
انہوں نے شہروں کی ترقی اور مختلف منصوبوں اور سہولیات کو شروع کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا جو ان کی تاریخ، آثار قدیمہ کی دریافتوں اور ماحولیاتی تنوع کے لحاظ سے شہروں کی اہمیت کو ظاہر کرتے ہوں۔
عزت مآب نے عرب یونین فار ٹورازم میڈیا کی جانب سے پیش کردہ ایوارڈز کے تحت خورفكان شہر کو سال 2023 کے لیے بہترین عرب سیاحتی شہر کا ایوارڈ جیتنے کا سرٹیفکیٹ حاصل کیا، جس کا اعلان آئی ٹی بی برلن کی تقریبات کے دوران کیا گیا تھا، تقریبات کے دوران شارجہ انسٹی ٹیوٹ فار ہیریٹیج کے سربراہ ڈاکٹر عبدالعزیز المسلم کو عرب ہیریٹیج مین کا خطاب بھی دیا گیا تھا۔
عرب یونین فار ٹورازم میڈیا کے وفد میں عرب یونین فار ٹورازم میڈیا کے نائب صدر اور ایگزیکٹو آفیسر مصطفیٰ عبدالمنعم،اے یو ٹی ایم کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر لمياء محمود اور مصنف خالد خلیل شامل تھے۔
ترجمہ۔ تنویرملک